پنجاب حکومت کی پری پول رگنگ عوامی تحریک کا الیکشن کمیشن کو تیسرا خط

الیکشن سے دو روز قبل ترقیاتی منصوبوں کیلئے 10ارب کا اجراء قانون سے مذاق ہے
الیکشن کمیشن نے بحیثیت ادارہ مایوس کیا، پولیس اپوزیشن امیدواروں کو ہراساں کررہی ہے
خط سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے لکھا، ترقیاتی رقوم کے اجراء پر نوٹس لینے کا مطالبہ

لاہور (28اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور نے پنجاب حکومت کی طرف سے مسلسل انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر چیف الیکشن کمشنر کو تیسری بار خط لکھتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں الیکشن سے 2روز قبل 10ارب کے ترقیاتی منصوبوں کا اجراء انتخابی قوانین سے مذاق اور پری پول رگنگ ہے جب بھی پنجاب حکومت کے ماورائے قانون اقدامات پر ایکشن لینے کے حوالے سے خط لکھتے ہیں تو پنجاب حکومت کی لاقانونیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ اس ساری صورتحال پر الیکشن الیکشن کمیشن کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران بلدیاتی انتخابات کے من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے قومی خزانہ پانی کی طرح بہارہے ہیں اور الیکشن کمیشن حسب سابق خاموش تماشائی کا کردار ادا کرہا ہے۔

خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ پولیس ن لیگ کے امیدواروں سے مل کر اپوزیشن کے امیدواروں کو ہراساں کررہی ہے۔ انہیں انتخابی مہم چلانے سے روک رہی ہے۔ جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ گجرات منگووال کیرانوالہ یونین کونسل میں ہمارے وائس چیئرمین کے امیدوار ابرار حسین کا ن لیگی غنڈوں نے گھر سے نکلنا محال کردیا انہیں اور ان کے اہل خانہ کو قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور انہیں ن لیگ کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ پنجاب پولیس سے بار بار رجوع کیا۔ تحریری درخواستیں دینے کے باوجود مقامی پولیس ٹھس سے مس نہیں ہو رہی الٹا عوامی تحریک کے امیدواروں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ن لیگ کے امیدواروں کی انتخابی مہم میں پوری طرح شریک ہے اور وفاقی حکومت کے کسان پیکج کے بعد پنجاب حکومت مسلسل ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سیاسی رشوت بانٹ رہی ہے جس کی ضابطہ کے مطابق نشاندہی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکام ن لیگ کی صوبائی اور وفاقی حکومت کے ماورائے آئین و قانون اقدامات کا نوٹس لے اور ن لیگ کو ریاستی طاقت کے بل بوتے پر بلدیاتی ادارے اور عوامی مینڈیٹ ہائی جیک کرنے سے روکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top