عوامی تحریک کی لودھراں این اے 154 میں موٹر سائیکل انتخابی ریلی، ہزاروں کی شرکت

ظالم حکمرانوں نے ہمارے کسی کارکن کو ہاتھ لگایا تو اسکا ردعمل وہ ایوانوں میں محسوس کریں گے
حقیقی تبدیلی ڈاکٹر طاہرالقادری لائیں گے، گردشی قرضوں کے بعد ایل این جی فراڈ قوم کے سامنے آ گیا
ریلی سے خرم نواز گنڈا پور، خواجہ عامر فرید کوریجہ، فیاض وڑائچ، و دیگر کا خطاب، انقلاب زندہ باد کے نعرے

لاہور (19 نومبر 2015) ڈاکٹر طاہرالقادری جلد پاکستان آئینگے اور لودھراں کے عوام سے ملیں گے، ڈی پی او، ڈی سی او، پٹواری اور ن لیگ کے حواری سن لیں اب اگر عوامی تحریک کے کسی کارکن کو ہاتھ لگایا گیا تو ظالم حکمران اسکا ردعمل ایوانوں میں بھی محسوس کریں گے اوراحتجاج کی بازگشت خیبر تا کراچی سنی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حقیقی تبدیلی ڈاکٹر طاہرالقادری لائیں گے اور وہ نظام کی تبدیلی ہو گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل غریب عوام کا استحصال کر رہے ہیں انکے گنتی کے دن باقی رہ گئے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں خرم نواز گنڈا پور، لودھراں حلقہ این اے 154 سے ٹکٹ ہولڈر خواجہ عامر فرید کوریجہ، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے لودھراں میں نکالی جانیوالی انتخابی ریلی کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے عوامی تحریک کے پرچم تھامے شرکت کی، انقلاب زندہ باد اور ڈاکٹر طاہرالقادری زندہ باد کے نعرے لگائے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ایل این جی کے نام پر دو ارب ڈالر اور گردشی قرضوں کی ادائیگی کی آڑ میں قومی خزانے کو 110 ارب کا ٹیکہ لگانے والے ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمرانوں کو اقتدا کے ایوانوں سے باہر نکالنے کا وقت آگیا۔ انہوں نے کہاکہ لودھراں کے عوام کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام دینے آئے ہیں کہ ہم غریب کاشتکاروں اور کم آمدنی والے مزدوروں، کلرکوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ دولت اور تھانہ کچہری کی سیاست کو مسترد کر دیا جائے۔

این اے 154سے ٹکٹ ہولڈر خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہاکہ دولت کے جنون اور اقتدار کے غرور کو عبرت ناک شکست دیں گے، انہوں نے کہاکہ خواجہ غلام فرید کی اس نگری کے باسیوں نے جن سرداروں، وڈیروں اور جاگیرداروں کو ووٹ دے کر اسمبلیوں میں بھیجا، انہوں نے غریب عوام کی بجائے اپنی دولت میں اضافہ کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے اس کارکن کا آپ سے وعدہ ہے کہ انصاف آپکی دہلیز تک لائے گا اور ہر ظلم کے سامنے ہم اپنا سینہ تان کر کھڑے ہوں گے اور ضلع کے غریب عوام کا تھانیداروں، پٹواریوں کو استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف لودھراں کے عوام کو خواب دکھانے آئے تھے، ضمنی الیکشن نہ ہوتا تو وہ کبھی لودھراں نہ آتے عوام ایسے ابن الوقت لیڈروں کو مسترد کر دیں۔

جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ جب ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے جانثار کارکنوں کے ساتھ ڈی چوک میں تھے تو یہ سرکس کے شیر خوف کے مارے ایوان وزیر اعظم میں سونا چھوڑ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام سے مل کر قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکے لگانے والوں اور کاشتکاروں کا استحصال کرنے والوں کو ایوانوں سے باہر نکال پھینکے گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top