منہاج القرآن کو پوری دنیا میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کرنے کا اعزاز حاصل ہے: راضیہ نوید

عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی مسلمانوں کی کامیابی کا راز مضمر ہے: روبینہ سہیل
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کینڈل واک کاانعقاد

اسلام آباد (13دسمبر 2015ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید صدر ویمن لیگ اسلام آباد روبینہ سہیل نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ظلم کی چکی میں پستی اور سسکتی انسانیت پر اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے نبی محترم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو انسانیت کی رہنمائی کیلئے مبعوث فرمایا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کی تاریک اور بند گلی میں پھنسے لوگوں کو ہدایت اور روشنی کا راستہ دکھایا۔ وہ لوگ جو ایک دوسرے کی جان کے دشمن تھے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پر وحشیانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی ذاتی انا اور تسکین کیلئے دوسروں پر ظلم ڈھاتے تھے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اخلاقی تربیت کی بدولت آج ان کا شمار دنیا کے معزز ترین لوگوں میں ہوتا ہے۔ ملک بھر میں غلامان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں ہر گلی ہر گھر اور ہر محلے کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجاتے ہیں، اسی نسبت سے منہاج القرآن ویمن لیگ نے بھی اپنی بساط کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے مہینے کے آغازپر ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی خوشی میں کینڈل واک کااہتمام کر کے مقدس مہینے کااستقبال کیا ہے، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کو پوری دنیا میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کرنے کااعزازحاصل ہے۔ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی مسرت سلطانہ، طیبہ سلیم، عاصمہ خان، بلقیس شبیر، شبانہ رشید اور دیگر خواتین اور بچے بھی کینڈل واک میں شریک تھے۔

خواتین اور بچوں نے ہاتھوں میں کتبے بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد مرحبا، سرکارکی آمد مرحبا، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ آئے تو دل جگمگائے تحریر تھا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ہمیں چاہئیے کہ سارا سال ہی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں، خصوصاً ماہ ربیع الاول میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی بڑھ چڑھ کر منائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو پتہ چل سکے کہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہی مسلمانوں کی کامیابی کا راز مضمر ہے کیونکہ اللہ تعالی نے خود آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام بھیج کر رہتی دنیا تک کے لوگوں کو یہ پیغام دے دیا کہ اے لوگو میں اور میرے فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام بھیجتے ہیں، تم بھی میرے پیارے پیغمبر پر درودوسلام بھیجا کرو۔

انہوں نے بتایاکہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب کو مینار پاکستان کے سائے تلے عظیم لشان عالمی میلاد کانفرنس کاانعقاد ہورہا ہے، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہوگا، پاکستان سمیت دنیا بھر سے جید علمائے کرام، مشائخ عظام، قرآء و نعت خوان حضرات اور معروف مذہبی، سیاسی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top