سانحہ چارسدہ کے خلاف مختلف طلبہ تنظیمات کی پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی

طلبہ ضرب علم و امن مہم کا حصہ بن کر دہشتگردوں اور انکے حامیوں کو منہ توڑ جواب دیں، طلبہ رہنما

لاہور (22 جنوری 2016) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ و دیگر طلبہ تنظیمات کے زیراہتمام چارسدہ باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کے خلاف اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے پر یس کلب لاہور کے سامنے ریلی نکالی گئی، ریلی میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، انجمن طلبہء اسلام، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ق) اور امامیہ سٹوڈنٹس کے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی اور’’ دہشت گردی مردہ باد۔۔۔ پاک افواج زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ طلبہ نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں دہشتگردی کے واقعات حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، حکمران بتائیں وہ آنے والی نسلوں کو کیسا پاکستان دینا چاہتے ہیں؟ نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل درآمد میں کون رکاوٹ ہے؟ اور دہشتگردوں کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی؟ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان دہشت گردوں کے خلاف عسکری محاذ پر جنگ لڑ رہے ہیں اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے امن کیلئے’’ ضرب علم و امن مہم‘‘ شروع کر رکھی ہے۔ طلبہ امن کے قیام کیلئے اس مہم کا حصہ بن کر دہشتگردوں اور انکے حامیوں کو منہ توڑ جواب دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top