یونان: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سالانہ محفلِ گیارہویں شریف

ایتھنز: منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان نے 23 جنوری 2016 کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر ریندی (ایتھنز) میں گیارہویں شریف کی عظیم الشان سالانہ محفل کا اہتمام کیا، جس میں یونان میں مقیم پاکستانی، بھارتی اور بنگالی کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل سے علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے خطاب کیا۔

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا۔ بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں منہاج نعت کونسل یونان کے صدر سجاد حسین قادری، ناصر اکبر، مظہر اقبال، محمد اقبال، محمد شہزاد قادری اور قاری مدثر مصطفی شامل تھے۔ محفل میں نقابت کے فرائض غلام سرور قادری نے انجام دیے۔

گیارہویں شریف کی سالانہ محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اولیاءاللہ سے محبت و عقیدت کے رشتے کی مضبوطی ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہ ہمیشہ غرباء و مساکین کو چاند کی ہر گیارہ تاریخ کو اپنے ساتھ کھانا کھلایا کرتے۔ گیارہویں شریف کی محافل کے انعقاد کا مقصد اسی جذبہ خدمتِ انسانی کو بیدار کرنا ہے۔ انہوں نے اولیاء کی سیرت کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم فقط گیارہویں شریف کے منانے کی حد تک محدود ہیں جبکہ ان کی تعلیمات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کا مشن رجوع الیٰ اللہ اور ذکرِ مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ ہے۔

محفل میں منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ناظم غلام مرتضیٰ قادری نے وجد انگیز ذکر کروایا اور ختمِ غوثیہ پڑھا گیا۔ محفل کے اختتام پر شرکاء کو عامر علی قادری اینڈ برادرز (منہاج منی مارکیٹ) کی طرف سے لنگرِ غوثیہ پیش کیا گیا۔

رپورٹ: قاری مدثر مصطفی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top