وزیر داخلہ نے قوم کو اپنی حکومت کا اصل چہرہ دکھادیا:عوامی تحریک

مک مکا کی سیاست اور سکول بند کرنے کا شرمناک جھوٹ بھی بے نقاب کردیا
ملک میں جو تھوڑا بہت امن ہے وہ فوج کی بندوق کا مرہون منت ہے: میجر (ر) محمد سعید
قوم جاننا چاہتی ہے دھرنے میں حکومت کا ساتھ دینے والے کیا قیمت وصول کررہے ہیں: چیف آرگنائزر

لاہور (28 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے قوم کو اپنی حکومت کا اصل چہرہ دکھایا۔ اپوزیشن کے ساتھ مک مکا اور سکول بند کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کا شرمناک جھوٹ بھی بے نقاب کر دیا۔ قوم جاننا چاہتی ہے دھرنے کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے والے کیا قیمت وصول کررہے ہیں؟سرکاری سکول بند کر کے دہشتگردوں کے ایجنڈے کی تکمیل کی گئی۔ ملک میں جو تھوڑا بہت امن نظر آتا ہے وہ آپریشن ضرب عضب اور فوج کی بندوق کا مرہون منت ہے۔ جس حکومت کو کام کا ایک آئی جی نہیں مل رہا اس سے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی توقع رکھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اسلام آباد سے آئے ہوئے تنظیمی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مرکزی چیف آرگنائزر نے کہا کہ مک مکا کی سیاست اور باریوں کے نظام نے جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران جتنے بھی حقائق بیان کیے تھے آج ایوانوں کے اندر سے اس کی تصدیق ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون بہانے والے حکمران دہشتگردوں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں، سکول بند کرنا دہشتگردوں کے ایجنڈے کی تکمیل ہے۔ تعلیمی ادارے کھلے رکھنے پر خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سردی کی آڑ لے کر پنجاب حکومت کا سکول بند کرنے سے متعلق جھوٹ صوبہ کے 10 کروڑ عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی نالائقی اور بے حسی کی وجہ سے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ایمرجنسی لگانے کی بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی دولت اورنج لائن یا میٹرو بسوں کی دیواریں اونچی کرنے کی بجائے سکولوں کی دیواریں اونچی کرنے اور سکیورٹی گارڈ مہیا کرنے پر خرچ کی جائے۔ قومی ایکشن پلان پر دستخط کرنے والے اسے سبوتاژ کرنے کیلئے فرینڈلی فائر میں مصروف ہیں اور قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top