عالمی سطح پر مہنگائی کم پاکستان میں نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے بڑھ رہی ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے حکمرانوں کیلئے تعلیم، صحت سے زیادہ اورنج منصوبے اہم ہیں
سربراہ عوامی تحریک کا تنظیم نو کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب

لاہور (01 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کم جبکہ پاکستان میں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بڑھ رہی ہے، منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے حکمرانوں کیلئے تعلیم، صحت، انصاف نہیں اربوں کھربوں کے اورنج منصوبے اہم ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں برائے نام کمی عوام دشمنی کی انتہا ہے، پٹرول کے ایک لیٹر پر 30 روپے سے زائد منافع کمانے والے حکمرانوں نے ناجائز منافع خوری کی ہر حد عبور کر لی، وہ گذشتہ روز عوامی تحریک کے تنظیم نو کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ملک میں عوام کی نمائندہ حکومتیں ہوتیں تو قومی دولت اورنج اور میٹرو جیسے عیاشی کے منصوبوں پر خرچ ہونے کی بجائے ہسپتالوں کی ادویات اور بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر خرچ ہوتی۔ انہوں نے کہاکہ اول روز سے کہہ رہے ہیں کہ موجودہ اسمبلیاں زندہ انسانوں کے قبرستان ہیں۔ حکمران باہر سے کھربوں روپے کے قرض لیں یا قرضوں کے ان پیسوں کو اپنی پسند کے منصوبوں پر خرچ کریں، کہیں سے منظوری لینے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی اور نہ ہی عوام کے نمائندہ ایوانوں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے۔ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے نمائندے بھی تھانہ، پٹواری کی سیاست پر خوش ہیں۔ عوام کے مفاد کاتحفظ کرنے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام جاننا چاہتے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حاصل ہونے والے کھربوں روپے کہاں گئے؟ جبکہ ہر سال 13سو ارب روپے کا قرضہ لے کر عوام اور خزانے پر اضافی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ملکی اداروں کو بیچ اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ عوامی تحریک کو یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر منظم کریں اور ظالم نظام کو بدلنے کی جدوجہد کو تیز تر کر دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top