ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے شہید کے ورثاء کیلئے گھر کا تحفہ

ڈاکٹر حسین محی الدین نے شہید عمر صدیق کے والد کو گھر کی چابیاں دیں، ورثاءکا اظہار تشکر
شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے خون کے قطرے قطرے کا حساب لینگے، ڈاکٹر حسین محی الدین کا خطاب
تقریب میں میجر(ر) محمد سعید، احمد نواز انجم، ڈاکٹر تنویر اعظم، سہیل رضا، شہزاد رسول و دیگر کی شرکت

لاہور (23 فروری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں شہید ہونے والے محمد عمر صدیق کے والد میاں محمد صدیق کو ڈبل سٹوری گھر کی چابیاں دیں۔ محمد عمر صدیق 17 جون 2014 ءکو ماڈل ٹاﺅن میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہو گئے تھے، یہ عوامی تحریک کے چوتھے بے گھر شہید ہیں جن کے کمانے والے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں شہید ہو گئے تھے اور جن کے غریب ورثاء کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے گھر دیا گیا ہے، شہید عمر صدیق کے والد میاں محمد صدیق گھر کی چابیاں لیتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ڈاکٹرحسین محی الدین اور پوری تحریک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میرے دل کو اس وقت سکون ملے گا جب میرے بیٹے کے قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے شہید عمر صدیق کے گھر کے اندر منعقدہ تقریب میں ان کے والد کو گھر کی چابیاں دیں اور اس موقع پر اخبار نویسوں و پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چوتھے شہید ہیں جن کے ورثاء کے پاس رہنے کیلئے گھر نہیں تھا اور ان کے کمانے والے شہید ہو گئے، انہوں نے کہا کہ شہداءکے غیرت مندورثاءنے قاتل حکمرانوں کے کروڑوں کو ٹھوکر مار کر غیرت اور نظریہ سے وابستگی کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے بہنے والے مقدس خون سے وعدہ ہے کہ شہداء کے خون کے قطرے قطرے کا حساب لینگے۔

اس موقع پر عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر(ر) محمد سعید، منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ احمد نواز انجم، سہیل احمد رضا، ڈاکٹر تنویر اعظم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن لاہور کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ 17 جون کے عظیم شہداءنے اس ملک کی دھرتی کو انقلاب کا پیغام دیا ہے، عوامی تحریک کا انتقام انقلاب اور آئین کی عملداری ہے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے عسکریت پسندوں نے پرامن نہتے مرد و خواتین اور بچوں پر سیدھی گولیاں چلا کر ظلم اور بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن قربانیاں دینے والے کارکنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top