منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام علامہ غلام رسول سعیدی اور پیر محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ کیلئے تعزیتی ریفرنس

مورخہ: 05 مارچ 2016ء

دونوں علماء نے اخلاص سے دین اسلام کی خدمت کی، ریفرنس سے علمائے کرام کا خطاب
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ صدیق چشتی، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبرکا خطاب

لاہور (5 مارچ 2016) منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام علامہ غلام رسول سعیدی اور پیر محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی وفات پر تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے کہاکہ دونوں جید علماء کرام نے آخری سانس تک اخلاص سے دین اسلام کی خدمت کی اور امت مسلمہ کے عقائد کی قرآن و سنت کی روشنی میں اصلاح کا فریضہ انجام دیا۔ تعزیتی ریفرنس سے صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ڈاکٹر صدیق علی چشتی، علامہ قاری ظہور احمد فیضی، علامہ امداد اللہ نعیمی، علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ ممتاز الحسن باروی، میر آصف اکبر نے خطاب کیا۔

ڈاکٹر صدیق علی چشتی نے اپنے خطاب میں کہاکہ پیر محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ نے بنیادی سہولتوں سے محروم علاقہ سے نکل کر پشاور، لاہوراور دیگر شہروں کے علمی مراکز سے استفادہ کیا اور پھر خیبر پختونخواہ میں جرات مندی کے ساتھ کلمہ حق بلند کیا اور قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کیا۔ انہوں نے کہاکہ علامہ پیر محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ نے مصطفوی انقلاب کیلئے آخری سانس تک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حمایت کی اور ہر علمی، تحقیقی تحریک میں انکا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھی منہاج القرآن کا ہر اول دستہ بن کر کام کرتے رہیں گے۔

علامہ قاری ظہور احمد فیضی نے کہاکہ انہیں کراچی کے معروف عالم دین علامہ غلام رسول سعیدی رحمۃ اللہ علیہ سے کسب فیض کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ سعیدی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ علمی مقام پر قوی دلائل دئیے اور اگر کسی مسئلہ پر رجوع کرنا پڑا تو وہ بھی کیا۔

علامہ امداد اللہ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علامہ غلام رسول سعیدی اور پیر محمد چشتی رحمۃ اللہ علیہ ممتاز عالم دین تھے انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں اپنے شاگردوں کو قرآن و سنت کی تعلیم دی۔

علامہ سید فرحت شاہ نے کہاکہ علامہ غلام رسول سعیدی اور پیر محمد چشتی علمائے حق تھے اور دین کے طالب علموں کیلئے مشعل راہ تھے، انہوں نے ہمیشہ عقائد کی اصلاح اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے کام کیا۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہاکہ علمائے حق عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی کو عام کر رہے ہیں دونوں ہستیوں نے اسلام کو انتہا پسندانہ عقائد سے جوڑنے کی منفی کوششیں کرنے والوں کے خلاف قلمی جہا دکیا۔ وہ اتحاد امت اور تکفیری ملاؤں کے سخت خلاف تھے۔

علامہ غلام رسول سعیدی نے تفسیر حدیث اور فقہ میں گرانقدر علمی خدمات انجام دیں انکی یہ خدمات رہتی دنیا تک کام آتی رہیں گی۔

تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے دعا کروائی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top