انتہا پسندی، کرپشن اور موروثی سیاست نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 23 مارچ 2016ء

اقتدار کے حریصوں نے ملک توڑا، دولت کے حریصوں نے امیر غریب کی تقسیم پیدا کی
23 مارچ 1940 کی قرارداد سے سیاسی شعور اجاگر اور منزل کا تعین ہوا، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (23 مارچ 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سر اور پاؤں سے ننگے غربت اور افلاس کے مارے عوام نے تحریک چلائی، یہی بے وسائل عوام قائد اعظم کی طاقت بنے اور پاکستان کا قیام عمل میں آیا، 70سال گزر جانے کے بعد بھی کروڑوں غریب اور بے وسیلہ عوام کو وہ حقوق نہیں ملے جن کا خواب انہوں نے 23 مارچ 1940 اور 14 اگست 1947 کو دیکھا تھا۔ انہوں نے کہاکہ انتہا پسندی، کرپشن اور موروثی سیاست نے قائد اعظم کے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر دیں جب تک غریب اور محکوم عوام اپنے حق کیلئے نہیں اٹھیں گے انکا استحصال ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ قرارداد پاکستان نے آزادی کے متوالوں میں سیاسی شعور اجاگر کیا اور ایک واضح منزل کا تعین ہوا، جس کے سات سال کے اندر آزاد وطن ملا۔

انہوں نے کہاکہ 23 مارچ 1940کی قرارداد کا یہ سبق ہے کہ شعور و آگاہی اور منزل کے تعین کے بغیر عظیم مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے، اب قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر اور انکی تکمیل کیلئے قوم ظالم نظام سے چھٹکارے، کرپشن اور انتہا پسندی سے نجات کو اپنی منزل بنائے، ان سیاسی، سماجی برائیوں نے 60 فی صد عوام کیلئے پاکستان کو جیل خانے میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، انہوں نے کہاکہ اقتدار کے حریصوں نے پاکستان دو لخت کیا اور آج دولت کے حریصوں نے پاکستانی قوم کو امیر اور غریب طبقے میں بانٹ دیا۔ امیر طبقے کیلئے پاکستان دنیا کی بہترین جگہ ہے جہاں انہیں ٹیکس دینا پڑتا ہے نہ بڑی بڑی جاگیریں اور کارخانے قائم کرنے سے انہیں کوئی قانون روکتا ہے، وہ کسی کو قتل بھی کر دیں تو کوئی انکا بال بھی بیکا نہیں کر پاتا، یہ امیر طبقہ جب چاہتا ہے مینڈیٹ، اسمبلیاں اور انصاف خرید لیتا ہے جبکہ غریب طبقے کیلئے دو وقت کی روٹی اس کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور یہ غریب طبقہ جو اکثریت میں ہے اس کیلئے تعلیم ہے نہ صحت ہے اور نہ تحفظ اور انصاف ہے، ہم اپنی انقلابی جدوجہد سے قائد اعظم کے پاکستان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سیاسی فکر سے لیا گیا ہے، ہم برابری، قانون کی بالا دستی اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہماری جدوجہدایک آئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل کیلئے ہے تاکہ اسمبلیاں صرف ارب کھرب پتی خاندانوں کیلئے مختص ہو کر نہ رہ جائیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے غریب کسان، مزدور اور نوجوان اس ظالمانہ نظام کے خلاف اٹھیں اور پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنانے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں، انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے اس نظام کو بدلنے کیلئے جانیں دیں اور ہم سب آخری سانس تک آئین و قانون کی بالادستی اور اس لٹیرے نظام سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top