ملتان: حکمرانوں کی میگا کرپشن کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا احتجاجی مظاہرہ ’’نوازشریف استعفیٰ دو‘‘

پاکستان عوامی تحریک ملتان کے زیراہتمام پانامہ لیکس رپورٹ میں حکمران خاندان کی میگا کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ’’نوازشریف استعفیٰ دو‘‘ کا انعقاد مورخہ 15 اپریل 2016 ء کیا گیا، جس کی قیادت صوبائی صدر پاکستان عوامی تحریک چودھری فیاض احمد وڑائچ نے کی جبکہ صوبائی سینئر نائب صدر ڈاکٹر زبیر اے خان، آرگنائزر جنوبی پنجاب چوہدری قمر عباس دھول، میڈیا کوارڈینیٹر راؤ محمد عارف رضوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل راؤ وقاراحمد، ضلعی رہنما یاسر ارشاد، میجر محمد اقبال چغتائی، ممتاز نون، ادریس انصاری، چوہدری جاوید بندیشہ، مہر فدا حسین، چوہدری محمد اکرم گجر اور راؤ عظمت علی سمیت پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک مرد و خواتین نے گو نواز گو، اور نواز شریف استعفیٰ دو، کرپٹ حکمران نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ پانامہ لیکس نے حکمران خاندان کو بے نقاب کردیا ہے، کرپشن کے واضح ثبوت منظر عام پر آچکے ہیں۔ معصوم صورت وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ بدترین معاشی دہشت گردی ہے۔ پانامہ لیکس کوئی مذاق نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقیقت ہے، جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا۔ ان ثبوتوں سے نہ صرف دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی بلکہ وزیراعظم میاں نواز شریف اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں اور حکومت کرنے کے اہل بھی نہیں رہے۔ انہوں نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نوازشریف وزیراعظم کے عہدہ سے فوری طور پر مستعفی ہوکر اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کریں، کیونکہ وزیراعظم کے منصب پر رہتے ہوئے پاکستان میں کسی بھی قسم کی شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔ پاکستان عوامی تحریک آج سے ’’وزیراعظم استعفی دو‘‘ تحریک شروع کر رہی ہے جو وزیراعظم کے استعفی تک جاری رہے گی۔

ڈاکٹر زبیر اے خان نے کہا کہ قوم کمیشن کمیشن کے کھیل کو مزید برداشت نہیں کرسکتی۔ سانحہ ماڈل ٹائون پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو ابھی تک پبلک نہیں کیا گیا، ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گرد حکمران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ چوہدری قمرعباس دھول نے کہا کہ حکمرانوں کی تجوریاں بھرتی جارہی ہیں اور عوام بھوک سے بلک رہے ہیں، کسان بدترین استحصال کا شکار ہے، گندم کی قیمتوں میں اضافے کی ہر آواز صدا بصحرا ثابت ہورہی ہے، مگر اب حکمرانوں کا یوم احتساب قریب ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں جلد انقلاب کا سویرا طلوع ہوگا۔

راؤ محمد عارف رضوی (میڈیا کوارڈینیٹر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top