پانامہ کمیشن کی رپورٹ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی سے مختلف نہیں ہو گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

حکمران کلین چٹیں حاصل کرنے کیلئے کمیشن بناتے ہیں، سربراہ پاکستان عوامی تحریک
ملزم وزیراعظم کا جواب دئیے بغیر بیرون ملک چلے جانا عوام کی توہین ہے، اجلا س سے خطاب
پانامہ لیکس کے بعد پارلیمنٹ اور موجودہ جمہوریت کا کھوکھلا پن سامنے آگیا

لاہور (16 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکمران کلین چٹ حاصل کرنے کیلئے کمیشن بناتے ہیں۔ پانامہ پر بننے والے کمیشن کی رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ سے مختلف نہیں ہو گی۔ پاکستان میں جمہوریت اور کاروبار کے نام پر مافیاز سرگرم ہیں۔ موجودہ حکمرانوں نے کرپشن کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دئیے۔ ملزم وزیراعظم کا جواب دئیے بغیر بیرون ملک چلے جانا عوام کی توہین ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے منظر عام پر آنے والے انکشافات کی چھان بین کیلئے کسی کمیشن کی ضرورت نہیں ہے۔ تحقیق کے بعد ہی یہ انکشافات منظر عام پر آئے اور دنیا کے کسی ملک کے سربراہ یا ادارے نے ان لیکس کو چیلنج نہیں کیا۔ کمیشن بنانے کے مشورے دینے والے سادہ لوح ہیں۔ اب صرف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے جو نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد پارلیمنٹ اور موجودہ جمہوریت کا کھوکھلا پن کھل کر سامنے آگیا۔ موجودہ حکمران نہ عوام کے سامنے خود کو جوابدہ سمجھتے ہیں نہ کسی عدالت اور پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہیں اور نہ ہی اس پارلیمنٹ میں اتنی طاقت ہے کہ وہ ملزم وزیراعظم سے کوئی جواب طلب کر سکے۔ اس کرپٹ نظا م کے اندر بڑے مگر مچھوں کو ہاتھ ڈالنے کا کوئی سسٹم سرے سے موجود ہی نہیں ہے جس کا جی چاہے ڈالروں کے بریف کیس بھر کر ملک سے باہر لے جاتا ہے اور پھر کالے دھن کو سفید کرنے والے قوانین کے ذریعے واپس لے آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس آنے کے بعد دنیا بھر میں مختلف وزرائے اعظم، وزراء اور اہم عہدیدار استعفے دے رہے ہیں مگر پاکستان میں لوٹ مار کو تحفظ دینے کیلئے منصوبہ بندی ہورہی ہے۔ اس وقت وزیراعظم غائب ہیں اور حکومت کا کوئی والی وارث نہیں ہے۔ وزراء کے بیانات تضادات سے بھرے ہوئے ہیں اورکوئی ادارہ قوم کو اصل حقائق بتانے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ججز کے کمیشن کو مسترد کرتے ہیں۔ کلین چٹیں حاصل کرنے کیلئے حکمران اس قسم کے کمیشن بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کرپشن اور لوٹ مار کے نظام کے خلاف اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ اس وقت پاکستان عوامی تحریک کی ملک بھر کی تنظیمیں پانامہ لیکس کے ذریعے منظر عام پر آنے والی حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کررہی ہے۔ ہم پہلے دن سے اس ظالم نظام کے خلاف ہیں اور آئندہ بھی اپنا قومی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top