فوجی افسران کا احتساب آرمی چیف کا جرات مندانہ اقدام ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

پری بارگینگ معاشی دہشتگردی ہے، ’’گریڈ 22‘‘ کی کرپشن پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں میں پڑی ہے
احتساب کا دائرہ ہر ادارے تک پھیلایا جائے، ایوانوں میں بیٹھے مگر مچھ بھی پکڑے جائیں، گفتگو

لاہور (21 اپریل 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ فوجی افسران کا احتساب آرمی چیف کا جرات مندانہ اقدام ہے، ، احتساب کا دائرہ ہر ادارے اور شخصیت تک پھیلنا چاہیے، سیاسی ایوانوں میں بیٹھے مگر مچھوں کو بھی گرفت میں لانے کا وقت آ گیا۔ قومی خزانے کے لٹیروں کی کرپشن کے ثبوت لاہور سے پانامہ تک پھیلے ہوئے ہیں، صرف جرات مندانہ ایکشن کی ضرورت ہے، وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ارکان سے ویڈیو لنک پر گفتگو کر رہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ نیب کی طرف سے ڈیڑھ سو میگا سکینڈلز پر کارروائی کرنے سے گریز پر نیب کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔ پری بارگینگ، مک مکا اور معاشی دہشتگردی ہے اسکا فی الفور خاتمہ ہونا چاہیے، قومی دولت لوٹنے والوں سے پائی پائی جرمانے کے ساتھ وصول کی جائے، انہوں نے کہاکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کی فائلیں گریڈ 21اور 22 کے افسران کی کرپشن سے بھری ہوئی ہیں ان کمیٹیوں کے ریکارڈ کی روشنی میں کرپٹ بیورو کریٹس کا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست اقتدار حاصل کرنے کا کاروبار بن چکی، مختلف سیاسی جماعتیں اور گروپس مافیا کا روپ دھار چکے ہیں، ان مافیاز کو اقتدار میں لانے کیلئے کالے دھن والے دل کھول کر ان پر خرچ کرتے ہیں اور پھر وقت آنے پر اپنا پورا پورا حصہ وصول کرتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ کرپشن، دہشتگردی اور سیاست کے گٹھ جوڑ کا پوری طاقت سے خاتمہ کر دیا جائے، ورنہ آپریشن ضرب عضب نتیجہ خیز ہو گا اور نہ ملکی خوشحالی کے خواب پورے ہو سکیں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top