مریدکے: تحریک منہاج القرآن کا ماہانہ درس عرفان القرآن - مئی 2016

مورخہ: 10 مئی 2016ء

تحریک منہاج القرآن تحصیل مریدکے کے زیرِاہتمام 7 مئی 2016 کو ماہانہ درس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ دعوت مفتی ارشاد حسین سعیدی نے خطاب کیا۔ تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن مریدکے کے صدر جاوید کمبوہ نے کی جبکہ تحریک منہاج القرآن شیخوپورہ کے ضلعی امیر اظہر مصطفوی، پاکستان عوامی تحریک مریدکے کے نائب صدر محمد آصف سلہریا ایڈوکیٹ، انجمن صحافیاں کے صدر اسلام دین کمبوہ، رانا فردوس اشرف، رانا فدا حسین، جعفر نذیر، محمد نذیر کمبوہ، حاجی محمد طفیل اور میاں رشید احمد سمیت تحریک منہاج القرآن کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ماہانہ درس عرفان القرآن کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی ارشاد حسین سعیدی کا کہنا تھا کہ واقعہ معراج عقل سے نہیں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سمجھ آتا ہے، معراج النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانیت کی معراج ہے۔ معراج ایسا سفر تھا جسے عقل سمجھنے سے قاصر ہے، سائنسی ترقی نے سفر معراج کو سمجھنے میں آسانی پیدا کی ہے۔ معجزہ کی حقیت سے انکار کرنے والے ابوجہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لقب سے مشہور ہوئے۔ نماز محبت اور عظمت کے اس سفر کا تحفہ ہے، جو رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کے لیے معراج ہے۔ امت مسلمہ اس عظیم تحفہ کو سینے سے لگا کر رکھے گی۔

درس عرفان القرآن کے اختتام پر اسلام آباد دھرنے کے شرکاء اور اسیران میں اعزازی اسناد اور میڈلز تقسیم کیے گیے۔ تقریب کا اختتام آقائے دوجہاں صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کے نذرانوں اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کے دعاؤں سے ہوا۔

رپورٹ: فاروق اسلام کمبوہ (ناظم نشرواشاعت تحریک منہاج القرآن تحصیل مریدکے)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top