سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات

مورخہ: 13 مئی 2016ء

ڈاکٹر طاہرالقادری نے لانگ مارچ کر کے انتخابی برائیوں کی نشاندہی کی: محمد افضل خان
عوامی تحریک انتخابی گند صاف کرنے کیلئے اپنا قومی، سیاسی کردار ادا کررہی ہے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (13 مئی 2016) سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری واحد قومی سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے شفاف الیکشن کے انعقاد اور حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انتخابی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیا اور اس قومی ایشو پر لانگ مارچ کر کے پوری قوم کی توجہ انتخابی بے ضابطگیوں کی طرف مبذول کروائی مگر افسوس سٹیٹس کو اور مک مکا کی سیاسی قوتوں نے ان پر عمل نہیں ہونے دیا اور آج اس کا نتیجہ پوری قوم اور جمہوری نظام بھگت رہا ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان کو مرکزی سیکرٹریٹ میں خوش آمدید کہا اور ان کے عرصہ ملازمت کے دوران ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ محمد افضل خان ان چند سرکاری افسروں میں سے ایک ہیں جو ملک میں حقیقی جمہوریت کا قیام اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں اور جنہوں نے اس کیلئے قربانیاں بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک آج بھی انتخابی نقائص اور برائیوں کی سب سے بڑی وجہ الیکشن کمیشن کو سمجھتی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن کے ممبرز قومی مفاد کی بجائے اپنی مراعات کے تحفظ کیلئے ظالم اور دھاندلی باز حکمرانوں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں اور الیکشن کمیشن انتخابی قوانین کو بلڈوز کرنے والے حکمرانوں کی باز پرس کرنے کی بجائے ان کی سرپرستی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک انتخابی اصلاحات اور آئین کے آرٹیکل 62,63 کے مطابق امیدواروں کے چناؤ کے موقف پر پوری طرح قائم ہے۔ ان شاءاللہ تعالیٰ عوامی تحریک ہی انتخابی گند کو صاف کرنے کیلئے اپنا فیصلہ کن قومی، سیاسی کردار ادا کرے گی۔ ملاقات میں صوبائی صدر بشارت جسپال، سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی، ڈپٹی چیف آرگنائزر شہزاد نقوی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، راجہ ندیم و دیگر رہنما شریک تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top