فیصل آباد: دارالعلوم نوریہ رضویہ میں جلسہ دستار فضیلت

مورخہ: 26 مئی 2016ء

دارالعلوم نوریہ رضویہ گلبرگ اے فیصل آباد میں حفظِ قرآن کی تکمیل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں 26 مئی 2016 کو جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسہ کے مہتمم اور تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کے ضلعی امیر سید ہدایت رسول قادری، پیر جمال شاہ، اللہ رکھا نعیم، حاجی محمد سعید، شیخ شاہد فاروق، شیخ انوار، غلام مصطفیٰ کمال، علامہ منیر شہباز، سید حمایت رسول، طارق انجم، غلام محمدقادری، مولانا عتیق سعید اور مولانا سجاد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سید ہدایت رسول قادری نے کہا کہ دارالعلوم نوریہ رضویہ بامقصد اور معیاری تعلیم کا ادارہ ہے جس میں کثیر تعداد میں زیرِ تعلیم بچوں کو اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ قدیم و جدید علوم سے روشناس کروا رہے ہیں۔ دارالعلوم نوریہ رضویہ دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اسلامک سکالر پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نظامِ تعلیم کے لیے کوشاں ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ ثانوی سطح تک پورے ملک میں یکساں نصاب اور نظام ہونا چاہیے۔ آج کا دانشور بولتا زیادہ اور سوچتا کم ہے، لکھتا زیادہ اور پڑھتا کم ہے اور سوسائٹی پر اس کے اثرات بھی ویسے ہی ہیں۔ تعلیم مقدار میں بڑھ گئی مگر معیار زوال پذیر ہے۔ ایسی تعلیم کی ضرورت ہے جو قوم میں غیرت و حمیت کو پروان چڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد ڈگریوں کے انبار لگانا نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور وطن کی سربلندی کیلئے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ آج سے 500 سال پہلے اساتذہ اور تعلیمی ادارے آج کی نسبت بہت کم تھے مگر آج ہمیں ڈھونڈنے سے بھی غزالی، بوعلی سینا، رازی اور مولانا روم نہیں ملتے کیونکہ آج درس و تدریس کا عمل دنیاوی مراعات سے منسلک ہو چکا ہے، جبکہ پانچ سو سال قبل اور اس سے پہلے والے مسلمان انسانیت کی خدمت کے جذبے سے علم حاصل کرتے اور تقسیم کرتے تھے۔ آج بھی اسی اخلاص اور تعلیم کے مصطفوی مقصد کی طرف لوٹنا ہو گا۔ تقریب سے پیر جمال شاہ نے بھی خطاب کیا۔

طلبہ اور ان کے والدین نے معیاری تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے پر دارالعلوم نوریہ رضویہ کے بانی و سرپرست سیدہدایت رسول قادری اور اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top