اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کا قصاص مارچ اور دھرنا

مورخہ: 06 اگست 2016ء

پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے اعلان کردہ ’تحریکِ قصاص و احتساب‘ کے تحت 6 اگست 2016 کو لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں قصاص مارچ اور احتجاجی دھرنوں کا انعقاد ہوا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، پاکستان مسلم لیگ کے راجہ محمد بشارت، بریگیڈیر (ر) مشتاق احمد، ابرار رضا ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، مصطفی خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان سمیت مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے لیے احتجاجی مظاہرے مظلوموں کو انصاف دلوانے کی یقین دہانی ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو دو سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف نہیں ملا اور موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے اس کی توقع بھی نہیں ہے۔ شہداء کے ورثاء کو غیرجانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل اور آئین کے آرٹیکل 10A کے تحت فیئر ٹرائل کا حق ملا اور نہ ہی جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو منظرِعام پر آنے دی گئی۔ انصاف کے دروازے بند ہونے کے بعد سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا مقصد عوام اور انصاف کے اداروں کی توجہ حکمرانوں کی ظلم و بربریت پر مبذول کروانا ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حکومت نے مقتولین کے ورثا کو 50 لاکھ سے 3 کروڑ تک خون بہا دینے کی پیشکش کی جو انہوں نے مسترد کر دی۔ ظالم نظام اور کرپٹ حکومت کے خلاف جدوجہد میں پاکستان عوامی تحریک کے 27 کارکنان نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، ہم انصاف اور قصاص تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شریف برادران 38 سال سے اقتدار کی غلام گردشوں کا حصہ ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پانامہ لیکس نے ان کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، جمہوریت کا مطلب انصاف، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور کمزور کو طاقتور کے ظلم سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص اور ہمارے استغاثہ سے خوفزدہ حکمرانوں نے استغاثہ میں ججز کے اختیارات سلب کرنے کیلئے ضابطہ فوجداری میں مرضی کی ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔ حکمران اپنے مذموم ارادوں میں ناکام ہوں گے۔ ملک کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹ شریف خاندان کی کرپشن اور بادشاہ سلامت بننے کی حرص ہے۔ حکمران اپنے معاشی جرائم اقتصادی راہداری منصوبے کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ملک میں ظالموں کے خلاف حسینی کردار ادا کر رہے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف، ظلم کے خاتمے، مظلوموں کی دادرسی کے لئے پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری مائیں اور بہنیں گرمی کے موسم میں سڑک پر بیٹھ سکتی ہیں، سخت سردی میں بچوں کے ہمراہ دھرنا دے سکتی ہیں تو عوام اپنے حقوق کے لئے اور کرپٹ نظام کی تبدیلی کے لئے سڑکوں پر کیوں نہیں نکل سکتے؟ قوم کی تقدیر بدلنے کے لیے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما محمد بشارت راجہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے انصاف ملنے تک مسلم لیگ ق ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کی اے پی سی میں 25 سیاسی و مذہبی جماعتون کی شرکت ڈاکٹر طاہرالقادری پر اعتماد کا اظہار، حکومت پر عدم اعتماد اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی ہے۔

جمیعت علمائے پاکستان کے پیر ناصر جمیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی ظلم و بربریت کے خلاف، جدوجہد بہت جلد اپنے انجام تک پہنچنے والی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، ظلم اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا، غریب کو عزت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ موجودہ حکمران کرپشن کے ماہر اور کرپٹ ٹولے کے سربراہ ہیں۔ ملکی دولت کی بندر بانٹ اب مزید نہیں چلنے دیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے کہا کہ انصاف کے دروازے آخر کب تک بند رہیں گے؟ مقتولوں کے وارثین کو کب انصاف ملے گا؟ ہم انصاف اور قصاص تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈیر (ر) مشتاق احمد اور ابرار رضا ایڈووکیٹ نے شرکائے مارچ، آبپارہ مارکیٹ کے تاجران اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top