قصاص سے خوفزدہ حکمرانوں نے ضابطہ فوجداری قانون بدلنے کا ڈرافٹ اسلام آباد بھجوا دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 18 اگست 2016ء

مجوزہ ترمیم کے بعد ججز کا پرائیویٹ کمپلینٹ کی سماعت کا اختیار ختم ہو جائیگا، اجلاس میں گفتگو
ترمیمی ڈرافٹ سے متعلق چاروں اسمبلیوں کو لاعلم رکھا گیا ہے، سیاسی جماعتیں، وکلاء نوٹس لیں
قانون سازی مفاد عامہ کیلئے ہوتی ہے مگر قاتل حکمران خود کو بچانے کیلئے قانون بدل رہے ہیں

لاہور (18 اگست 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ شریف برادران نے استغاثہ کی سماعت کا قانونی اختیار ججز سے چھین کر پولیس کو دینے کیلئے ضابطہ فوجداری قانون میں ترمیم کا تیار کیا گیا ڈرافٹ تیار کر کے اسلام آباد بھجوا دیا ہے جسے اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں سادہ اکثریت سے منظور کروایا جائیگا۔ یہ ترمیم قصاص سے بچنے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جاری سماعت کو رکوانے کیلئے کی جارہی ہے۔ پولیس اور حکومت کے ظلم کا شکار مظلوم شہریوں سے عدالت سے انصاف مانگنے کا حق ختم کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں اور کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک پر لاگو کیے جانے والے اس نئے ترمیمی قانون پر سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان کی اسمبلیوں اور وکلاء کو لا علم رکھا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومتیں، سیاسی جماعتیں اور وکلاء انصاف کے اس قتل عام کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں بنتے ہیں افراد کے تحفظ کیلئے نہیں مگر دھن، دھونس اور دھاندلی کے نتیجے میں برسراقتدار آنے والے قاتل حکمران اپنے تحفظ کیلئے قوانین بدل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجداری قانون میں ترمیم لانے کا یہ ڈارفٹ پنجاب اور وفاق کی حکومت نے مل کر تیار کیا ہے جس کا مقصد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند روزقبل اس قسم کی قانون سازی پر غور و خوض کیے جانے سے متعلق پریس کانفرنس کر کے نشاندہی کی تھی جس کی حکمرانوں کو تردید کرنے کی جرات نہیں ہوئی اب اس ترمیم کو عملی شکل دینے کیلئے منصوبہ کے بارے قوم کو پیشگی آگاہ کررہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ضابطہ فوجداری میں ترمیم کی منظوری کے بعد ججز کا کسی بھی پرائیویٹ کمپلینٹ کی سماعت کا اختیار ختم ہو جائیگا اور پولیس اور حکمرانوں کے ظلم کا شکار کوئی بھی شہری جب عدالت سے رجوع کریگا تو پراسیکیوٹرز کی طرف سے شکایت کنندہ کے متعلق اختلافی نوٹ دئیے جانے کی صورت میں جج کا سماعت کا قانونی اختیار ختم ہو جائیگا اور کیس دوبارہ اسی ضلع کی پولیس کے پاس چلاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ایف آئی آر کے اندراج اور تفتیش کا حق بھی حکومت کے پاس ہے اور اب پولیس کی زیادتی کے خلاف شہری براہ راست عدالت سے رجوع نہیں کر سکے گا یہ انصاف کے مسلمہ اصولوں اور قوانین کے خلاف ہے اور اس طرز عمل سے سیاسی مخالفین کیلئے انصاف حاصل کرنا دور کی بات سانس لینا بھی دوبھر ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک اور مفاد عامہ کیخلاف قانون سازی ہے، جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ اس ترمیم کے بارے تمام سیاسی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں کو پیشگی آگاہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور جمہوری حکومتیں عوام کو بلاتاخیر انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات کرتی ہیں مگر موجودہ قاتل اور کرپٹ حکمران صرف اپنے آپ کو بچانے کیلئے قانون بدل رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top