انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں کا منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

ڈاکٹر طاہرالقادری کی انتہا پسندی کے خاتمے اور فروغ امن کیلئے قومی و عالمی خدمات کو سراہا
وفد کا خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، سہیل رضا، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے استقبال کیا
وفد میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدرضا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما ناصر شیرازی بھی شامل تھے

لاہور (22 ستمبر 2016) ایران، امریکا اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے رہنماؤں پر مشتمل 3 رکنی وفد نے 22 ستمبر کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر فارن افیئر جی ایم ملک، سہیل رضا، ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا اور مجلس وحدت المسلمین کے سیاسی امور کے انچارج ناصر شیرازی شامل تھے۔ وفد میں شامل اسلامک ہیومن رائٹس کمیشن برطانیہ کے چیئرمین مسعود شاجرے، ڈائریکٹر سٹیزن انٹرنیشنل ملائیشیا محی الدین عبدالقدیر، اسلامک سنٹر واشنگٹن کے امام محمد ایچ آسی نے منہاج القرآن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔

وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی انتہا پسندی کے خاتمے اور فروغ امن وتعلیم کے حوالے سے قومی، بین الاقوامی، اسلامی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا بالخصوص دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف دیئے جانے والے ان کے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ کو بے حد سراہا اور اسے عالم اسلام کا علمی اثاثہ قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہماری قابل فخر شناخت ہیں۔

اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور نے مہمانوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے علمی، تحقیقی خدمات اور مختلف ویلفیئر کے پراجیکٹس کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

وفد نے کہا کہ بین المذاہب و بین المسالک رواداری اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے لیکچرز اور تحقیقی مواد نے بیرونی دنیا میں اسلام کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی امن عالم کیلئے کی جانیوالی عملی کوششوں، فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات کو ساری دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن عملی طور پر دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بنانے اور معاشرے میں طبقاتی تقسیم کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے تحفظ و حقوق کی بھی بات کی ہے۔ وفد نے کہا کہ دلی دعا ہے کہ ادارہ منہاج القرآن علم و امن کے فروغ کیلئے خدمات رہتی دنیا تک جاری و ساری رکھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top