وفاق چھوٹے صوبوں کے حوالے سے مائنڈ سیٹ تبدیل کرے: عوامی تحریک

شریف برادران چھوٹے صوبوں کے سی پیک کے حوالے سے تحفظات دور نہیں کر سکے: خرم نواز گنڈاپور

مولانا رئیس کی قیادت میں گلگت بلتستان کے وفد کی عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

لاہور (8 اکتوبر 2016) گلگت بلتستان کے حقوق ،تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے قائم عوامی ایکشن کمیٹی کے سربراہ مولانا رئیس سلطان کی قیادت میں وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، شہزاد حسین نقوی، تنویر احمد خان، ساجد بھٹی سے ملاقات کی اور سی پیک منصوبہ کے حوالے سے تحفظات اور علاقہ کے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف برادران چھوٹے صوبوں کے سی پیک کے حوالے سے تحفظات دور نہیں کر سکے۔ ہم چاہتے ہیں سی پیک بلاتاخیر بنے مگر اس کا فائدہ ہر اس علاقے کو سب سے پہلے ملنا چاہیے جہاں سے یہ منصوبے گزر رہے ہیں۔ عوامی تحریک کی مرکزی قیادت نے گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی کی فرقہ واریت کے خاتمہ اور علاقہ کے عوام کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر ایکشن کمیٹی کے ذمہ واران کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ عوامی تحریک گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت سکردو روڈ کو بھی بلا تاخیر تعمیر کیا جائے۔

مولانا رئیس سلطان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اسلام کے نام پر پاکستان سے الحاق کیا تھا ہم پاکستان کی ترقی کے ہر منصوبے کو ویلکم کرتے ہیں۔ سی پیک کے حامی ہیں لیکن دوسرے علاقوں کی طرح ہمیں بھی سی پیک میں حصہ دیا جائے۔ ہمارے نوجوانوں، کاروباری برادری کو روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں۔ ہم پہلے ہی پسماندہ ہیں۔ ہمیں مزید محرومیوں کے سپرد نہ کیا جائے۔ ملک دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے گلگت بلتستان کے عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں، آپریشن ضرب عضب کو سپورٹ کیا، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑرہے ہیں۔ ہم پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دینگے۔ تاہم وفاق چھوٹے صوبوں کے حوالے سے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top