تحریک انصاف کی دعوت مسترد کیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں: پاکستان عوامی تحریک

سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری 10 یوم کیلئے کینیڈا گئے: ترجمان عوامی تحریک
21 اکتوبر کو واپس لندن آئیں گے، تحریک انصاف کے رہنماؤں کے دورہ لندن سے لاعلم ہیں
شیخ رشید کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ رہتا ہے، 30 اکتوبر کے احتجاج بارے کچھ نہیں جانتے

لاہور (10 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری 10 روزہ دورہ پر کینیڈا گئے ہیں، 21 اکتوبر کو لندن واپس آئینگے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کے دورہ لندن کے حوالے سے لاعلم ہیں۔ شیخ رشید کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ رہتا ہے۔ لندن پلان کی خبریں حکومتی پراپیگنڈا ہے۔ اس میں کوئی صداقت نہیں۔ تحریک انصاف کی دعوت مسترد کیے جانے کی خبریں بھی بنیاد اور لغو پراپیگنڈا ہیں۔اس حوالے سے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے درمیان کسی بھی سطح پر تاحال کوئی رابطہ نہیں ہوا نہ ہی کسی قسم کی کوئی ناراضگی ہے۔

پانامہ لیکس کی تحقیقات کے مطالبہ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے موقف کے 100 فیصد ساتھ ہیں اور اپوزیشن جماعتیں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے مطالبہ کی حمایت کرتی ہیں۔ عوامی تحریک کی قیادت پانامہ لیکس کے مجرموں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا  کر دم لے گی۔ مرتے دم تک سانحہ ماڈل ٹاون کے بے گناہ کارکنوں کے قاتلوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے۔ سربراہ عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے کے سلسلہ میں بیرون ملک ہیں۔ اس حوالے سے کیس تیار کرلیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں استغاثہ کیس آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ اس کے بعد مناسب وقت پر دوسرے راؤنڈ کا اعلان ہو گا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے ہر حد تک جائینگے۔ ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کو بطور جماعت اپنے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے۔ جس طرح عوامی تحریک نے قصاص تحریک کے پہلے راؤنڈ میں ہر جلسہ اور احتجاج کی تاریخ کا تعین خود کیا اسی طرح تحریک انصاف بھی اپنی احتجاجی تحریک کو چلانے اور آگے بڑھانے کا حق رکھتی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top