اسلام کی آئیڈیالوجی علم، امن اور رواداری پر استوار ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین کا میلبورن میں تھرڈ آسٹریلین کانفرنس آن اسلام سے خطاب
کانفرنس میں آسٹریلیا کی ممتاز علمی شخصیات، سول سوسائٹی اور طلباء و طالبات نے شرکت کی

لاہور (13 اکتوبر 2016) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے آسٹریلیا ملبورن میں ’’تھرڈ آسٹریلین کانفرنس آن اسلام‘‘ کے شرکاء کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ اسلام کی آئیڈیالوجی علم، امن، رواداری، برداشت پر استوار ہے، اسلام میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے، صرف اسلام ہی نہیں دنیا کے کسی مذہب میں بے گناہ کی جان لینے کی اجازت نہیں، دہشتگردی کو مذہب اور سیاست کا حصہ بنانے کی منفی کوششوں کے باعث دہشتگرد گروپس کو مذموم مقاصد کی تکمیل میں مدد ملی۔ کانفرنس میں آسٹریلیا کی ممتاز علمی، مذہبی شخصیات اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین ملبورن کانفرنس میں شرکت کیلئے دو ہفتے کے دورہ پر آسٹریلیا میں ہیں۔ وہ اپنے قیام کے دوران مزید کانفرنسز سے خطاب کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن اسلامک سنٹر آسٹریلیا میں منعقدہ پیس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے تھرڈ آسٹریلین کانفرنس آن اسلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داعش کے فتنے اور غارت گری سے متعلق 14 سو سال قبل پیغمبر امن و سلامتی نے آگاہ کر دیا تھا انکی غارت گری کے طریقہ کار اور شکل و صورت سے متعلق بھی بتا دیا تھا۔ داعش یا القاعدہ کو اسلام سے جوڑنا کسی صورت درست نہیں ہے، ایسی سوچ کا تعلق غلط فہمی، جہالت یا تعصب پر مبنی ہے۔ آج دنیا جسے داعش کے نام سے جانتی ہے اسلام نے اسے خارجیز کا نام دیا۔ یہ خارجی دنیا میں اپنے مفادات کیلئے فساد پھیلاتے ہیں، بے گناہوں کی جانیں لیتے ہیں اور خون خرابا کرتے ہیں۔ اسلام وہ ضابطہ حیات ہے امن جسکی تعلیمات کا مضبوط ستون ہے۔ قرآن نے ایک بے گناہ کی موت کو پوری انسانیت کی موت قرار دیا ہے اور ایک زندگی بچانے کو پوری انسانیت بچانے سے منسوب کیا ہے، لہذا ایک ایسا دین جو تہذیب و شائستگی اور انسانیت کی بقا کا درس دیتا ہو وہ کسی بے گناہ کی جان لینے پر کیسے اکسا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنے لیکچر کے اختتام پر کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کی عالمی برائی کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کی سطح پر ایک Peace Narrative تیار ہونا چاہیے اور حکومتوں کی سطح سے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالم اسلام کی واحد شخصیت ہیں جنہوں نے دہشتگردی اور خود کش دھماکوں کے خلاف عالمگیر فتویٰ دیا اور دہشتگردی کا Counter Narrative دیا، فروغ امن کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں 25 کتابیں شائع ہو چکی ہیں، جن میں بیشتر انگریزی اور عربی زبان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے فتنہ خوارج کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل تاریخی ڈاکومنٹ جاری کیا، جس کے Content اور حوالہ جات کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور یہ انسانیت کی ایک عظیم خدمت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top