حکومت نے آئندہ نسلوں کو تعلیم دینے کا ٹھیکہ نجی شعبے کو دے دیا : منہاج القرآن کے زیراہتمام سیمینار

منہاج القرآن کے 36ویں یوم تاسیس پر سیمینار، مفتی عبد القیوم ہزاروی، ساجد بھٹی و دیگر کا خطاب
ڈاکٹر طاہرالقادری نے بامقصد تعلیم اور تربیت کیلئے بے مثال ادارے قائم کئے، میجر (ر) خان محمد

لاہور (18 اکتوبر 2016) تحریک منہاج القرآن اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے اشتراک سے مرکزی سیکرٹریٹ میں 36 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ’’علم اور امن کے بغیر خوشحال معاشرہ کی تشکیل ناممکن‘‘ کے عنوان سے سیمینار ہوا، سیمینار میں مختلف کالجز کے طلباء اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری کوآرڈی نیشن ساجد بھٹی نے کہاکہ تعلیمی ادارے با مقصد تعلیم اور تربیت سے خالی ہیں۔ حکومت نے آئیندہ نسلوں کو تعلیم دینے کا ٹھیکہ ملٹی نیشنل سوچ رکھنے والے نجی کاروباری مافیا کو دے دیا، حکمرانوں نے پہلے تعلیم کو منافع بخش کاروبار میں تبدیل کیا اب براہ راست تعلیمی ادارے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام سے نجی شعبہ کے سپرد کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اب تک 5 ہزار سرکاری تعلیمی ادارے نجی شعبہ کے حوالے کر چکے، حکمرانوں کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے باعث شرح خواندگی میں اضافہ کی بجائے کمی ہو رہی ہے۔ حکمرانوں کے اس رویے کے باعث غربت اور جہالت کے اندھیرے بڑھ رہے ہیں۔

سیمینار سے پرنسپل شریعہ کالج میجر خان محمد، وائس پرنسپل ممتاز الحسن باروی، علامہ عبد القیوم ہزاروی، جی ایم ملک، کرنل(ر) محمد مہندی نے بھی خطاب کیا۔

پرنسپل شریعہ کالج میجر(ر) خان محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علم کے بغیر ترقی کا خواب بھی مت دیکھا جائے۔ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جو تعلیم پر سب سے کم خرچ کرتاہے۔ حکمران جتنا پیسہ موٹر ویز اور اورنج لائن منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں اسکا آدھا پیسہ تعلیم کی ترقی پر خرچ کرتے تو پاکستان خطے کا سب سے زیادہ پڑھا لکھا ملک ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ دوہرا تہرا نظام تعلیم مسائل کی جڑ ہے آخر کیا وجہ ہے کہ مسلم معاشرے میں دوبارہ کوئی رومی، رازی اور غزالی پیدا نہیں ہورہا؟ انہوں نے کہاکہ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اب علم کا حصول برائے روشنی یا ہدایت نہیں بلکہ نوکری ہے۔ انہوں نے کہاکہ با مقصد تعلیم کے فروغ اور تربیت کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے علوم اسلامیہ کے فروغ کیلئے با مقصد تعلیمی اداروں کا ملک بھر میں جال پھیلایا۔ ان میں اسلامی تعلیم کے فروغ کا ایک ممتاز ادارہ کالج آف شریعہ ہے۔

تقریب کے اختتام پر منہاج القرآن کی 36ویں سالگرہ پر کیک کاٹا گیا اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top