امت مسلمہ قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے دنیا کی امامت کا تاج پہن سکتی ہے: فیض الرحمن درانی

مسلمان جب تک قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا رہے ان کے عروج اور ترقی کا سفر جاری رہا، خطبہ جمعہ
منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس، مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل ہفتہ کو ہو گی
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین خطاب کرینگے :حافظ غلام فرید

لاہور (4 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ تحریک قرآن پاک کا موضوع انسان ہے اور یہ پوری انسانیت کیلئے ہے۔ قرآن پاک سے پوری دنیا کے انسانوں نے استفادہ کیا ہے اور یہ ایک عظیم انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔ قرآن حکیم کا یہ عظیم معجزہ ہے کہ اس میں دلوں کو مسخر کرنے کی تاثیر اور صلاحیت ہے۔ قرآن حکیم نے عرب قوم کو اللہ رب العزت کی جانب راغب کیا تو ان کی کایا پلٹ گئی۔ دشمنی بھائی چارے میں تبدیل ہو گئی۔ قرآن نے جب مومنین کو آپس میں بھائی بھائی قرار دیا تو دنیا نے اسی عرب قوم میں انقلاب برپا ہوتے دیکھا۔ وہ جہالت کے اندھیروں سے نکل کر روشنی اور نور کی دنیا میں آ گئے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جب تک قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا رہے ان کے عروج اور ترقی کا سفر جاری رہا۔ افسوس مسلم قوم نے جب سے قرآن کو فکری و عملی ہر دو طرح سے اپنی زندگیوں سے دور کرنا شروع کر دیا ہے وہ فکری بانجھ پن کا شکار ہو گئی ہے۔ ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن گئی ہے۔ مسلم قوم دنیا میں مال و اسباب ہونے کے باوجود رسوا ہے۔ پوری انسانیت پستی کا شکار ہے کیونکہ دنیا کے امام تو ہم تھے اور ہم نے ہی دنیا کو جینے کا ڈھنگ سکھایا تھا۔ جب ہم ہی اپنا شرف کھو چکے تو انسانیت کا زوال قدرتی امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم ہمارے اسلاف کی کامیابیوں اور کامرانیوں کا ضامن ہے۔ امت مسلمہ آج بھی قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائے تو دنیا کی امامت کا تاج پہن سکتی ہے۔ قرآن پاک میں رہتی دنیا تک کیلئے کامیابی، ترقی کا عظیم پیغام ہے۔

دریں اثناء منہاج القرآن لاہور کا ماہانہ مشاورتی اجلاس امیر لاہور حافظ غلام فرید کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، اصغر ساجد، حافظ صفدر علی، اصغر ناز، محمد ناصر، ڈاکٹر اقبال نور و دیگر شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روحانی محفل کل بروز ہفتہ بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین القادری خطاب کرینگے۔ تقریب میں مرکزی گوشہ درود اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود پاک محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کی جائیگا۔ روحانی محفل میں ملک کے ممتاز مذہبی سکالر، مشائخ عظام شرکت کرینگے جبکہ نامور قراء حضرات گلہائے عقیدت پیش کرینگے۔ مشاورتی اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کی ممبر سازی مہم اور عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top