ڈاکٹر طاہرالقادری 4 دسمبر کو رات 30: 7 بجے نشتر پارک کراچی میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے

کانفرنس میں میئر کراچی وسیم اختر، ڈاکٹر فاروق ستار، سید قائم علی شاہ، غوث علی شاہ سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی
ڈاکٹر طاہرالقادری کراچی کے عوام کیلئے امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آ رہے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین
انتظامیہ نے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے، عوامی تحریک کے رہنماؤں کا جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ

لاہور (03 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 4 دسمبر اتوار رات ساڑھے 7 بجے نشتر پارک گراؤنڈ کراچی میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ سربراہ عوامی تحریک 4 دسمبر کی صبح کینیڈا سے کراچی پہنچیں گے۔ جہاں کراچی کی تنظیم کی طرف سے انکا پر تپاک استقبال کیا جائیگا۔ کراچی ایئر پورٹ سے قافلے کی شکل میں ڈاکٹر طاہرالقادری طارق روڈ خواجہ سٹریٹ پہنچیں گے، جہاں صبح ساڑھے 5 بجے ڈاکٹر طاہرالقادری پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ شام 6 بجے قائد عوامی تحریک مزار قائد پر حاضری دیں گے اور رات ساڑھے 7 بجے نشتر پارک میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ امن کانفرنس میں میئر کراچی وسیم اختر، ڈاکٹر فاروق ستار، سید قائم علی شاہ، غوث علی شاہ سمیت ملک کی دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈا پور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، مرزا جنید، قاضی زاہد، صفدر قریشی اور عوامی تحریک و منہاج القرآن کے دیگر رہنماؤں نے نشتر پارک گراؤنڈ میں جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ مقامی پولیس و انتظامیہ نے بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ نشتر پارگ گراؤنڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنماء و چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ اور روشنیوں کے شہر کراچی میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے پاکستان کا ہر شہری دعا گو ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کراچی کے عوام کیلئے امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کا امن اور خوشحالی پاکستان کے ہر شہر کا امن اورخوشحالی کیلئے ضروری ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top