امریکہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی نیوجرسی میں میلادالنبی (ص) کانفرنس

نیوجرسی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 24 دسمبر 2016ء کو میریٹ ہوٹل سیڈل بروک، نیوجرسی میں سالانہ میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت شیخ بشیر احمد اور خواجہ حفیظ احمد نے کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عہدیداران اور کارکنان سمیت مسلمان کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت شیخ ولید مصری اور نعمان سرور نے حاصل کی۔ منہاج القرآن سنڈے سکول کے بچوں نے قصیدہ بردہ اور بارگاہِ مصطفوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ بچوں اور بچیوں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر تقاریر بھی کیں۔ محمد اصغر چشتی، منظور الہی، اویس مصنف القادری، صوفی محمد اصغر، علامہ سعید الحسن طاہر، ارشد لطیف اور مظہر علی نے اپنے مخصوص انداز میں تاجدارِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ نقابت کے فرائض علامہ سعید الحسن طاہر، علامہ محمد شریف کمالوی اور محمد اویس مصنف القادری نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس سے محمد افضال قادری، شیخ معتز، منطخاشاخو اور رضا الدین صدیقی خطاب کیا اور سیرت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور میلادالنبی کی شرعی حیثیت پر مدلل گفتگو کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امتِ محمدیہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے میلاد منا کر شرک کے تمام راستے بند کردیئے ہیں، کیونکہ میلاد، مولود یاولادت صرف مخلوق کی ہوتی ہے اور حضور علیہ السلام اللہ تعالی کی تخلیق ہیں، جبکہ اللہ تعالی خالق ہے اور وہ میلاد سے پاک ہے۔ میلاد منانا شرک نہیں بلکہ اللہ تعالی کے خالق اور حضور علیہ السلام کے مخلوق ہونے کا عملی ثبوت ہے۔ علامہ محمد افضال قادری نے مزید کہا کہ نورِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تخلیق اللہ رب العزت نے اپنے نور سے فرمائی جسکا ثبوت حدیثِ جابر سے ملتا ہے اور پھر اس نور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پوری کائنات کو وجود بخشا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے تقریبا 35 سال پہلے لوگ میلاد کی محفلوں کو گھروں کے اندر منعقد کرتے تھے تب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد مینار پاکستان پر کیا۔ آج پوری دنیا میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بڑے تزک و احتشام سے منایا جاتا ہے۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر نیوجرسی کے صدر محمد یوسف وھورا نے کانفرنس کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کی انتظامیہ میں محمد امجد شیخ، خواجہ محمد علی، رانا محمد مزمل اور ان کے معاونین شامل تھے۔ علامہ افضال قادری نے کانفرنس کی اختتامی دعا کی۔

رپورٹ: راجہ اویس مصنف القادری (ڈائریکٹر منہاج القرآن اسلامک سنٹر، نیوجرسی)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top