بزم منہاج کے تحت ہفتہ تقریبات کا آغاز، ملک بھر سے طلباء کی شرکت

بزم منہاج کے تحت ہفتہ تقریبات کا آغاز، ملک بھر سے طلباء کی شرکت

مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء نے حسن قرآت اور عربی تقریری مقابلوں میں حصہ لیا
حسن قرآت میں عبداللہ یوسف نے پہلی، قاری عمران نے دوسری اور قاری عبدالرحمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی
قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والانسخہ ہے: آغا اکبر برخورداری

لاہور (13 فروری 2017) تحریک منہاج القران کے مرکزی سیکرٹریٹ میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور کے طلبہ کی نمائندہ تنظیم ’’بزم منہاج‘‘ کے زیراہتمام سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے حوالے سے سالانہ کل پاکستان بین الکلیاتی مقابلہ جات کا آغاز کردیا گیا۔ ہفتہ تقریبات 13فروری سے 16فروری تک جاری رہے گا۔ پروگرامز کا مقصد طلباء و طالبات میں اہم تعلیمی نصابی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔ افتتاحی پروگرام کا آغاز مقابلہ حسن قرآت و عربی تقریر کے مقابلوں سے ہوا۔

مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران آغا اکبر برخورداری تھے۔ قاری سعید احمد ارشد، قاری رفیق نقشبندی اور قاری اللہ بخش نقشبندی نے مقابلہ حسن قرات میں جیوری کے فرائض انجام دئیے جبکہ عربی تقریری مقابلوں میں محمد افضل کانجو، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی اور عین الحق بغدادی نے جیوری کے فرائض انجام دئیے۔ جی سی یونیورسٹی لاہور پنجاب گروپ آف کالجز، تحفیظ القرآن لاہور، جامعہ اسلامیہ فیصل آباد، جامعہ غوثیہ، بھیرہ یونیورسٹی، ادارہ تعلیمات اسلامیہ منہاج گرلز کالج، جامعہ رضویہ سمیت مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلباء و طالبات نے قرآت اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا۔

طلباء نے خوبصورت انداز، ادب اور ترتیل سے قرآن حکیم کی تلاوت کی اور حاضرین پر ایک سحر طاری کر دیا۔ گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کے عبداللہ یوسف مقابلہ حسن قرات میں پہلی، ادارہ فہم قرآن سے قاری محمد عمران نے دوسری اور جامعہ ترتیل القرآن سے قاری عبدالرحمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عربی تقریری مقابلوں میں جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے عتیق الرحمن نے پہلی، منہاج گرلز کالج کی حدیقہ بتول نے دوسری اور بھیرہ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محمد علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تمام پوزیشن ہولڈرز میں شیلڈز اور اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران آغا اکبر برخورداری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر امت مسلمہ رفعت اور عروج چاہتی ہے تو اسے قرآن سے محبت کرنا ہو گی۔ قرآن سے تعلق ہی نجات کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم عالم انسانیت کے لیے کتاب ہدایت ہے اور قیامت تک اس کے اسرار ظاہر ہوتے رہیں گے۔ ہر فرد اور معاشرہ قرآن حکیم سے ہدایت حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہدایت طلبی کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قرآن حکیم سے رجوع کریں۔ قرآن حکیم ایک ایسی مقدس کتاب ہے جس کی حکمت کبھی نہ ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے۔ اس کی قوت سے ناپائیدار بھی پائیدار ہو جاتے ہیں۔

آغا اکبر برخورداری نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری انسانی حقوق کی سربلندی، مذاہب عالم کے مابین رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری انتہائی قابل احترام شخصیت ہیں وہ مختلف مسالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔ تقریب میں امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، پرنسپل ڈاکٹر خان محمد ملک، ممتاز الحسن باروی، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، دلاور علی، محمد اکرم رانا، نواز ظفر چشتی، الیاس اعظمی، کرنل راجہ فضل مہدی، شفاقت علی بغدادی، صابر حسین نقشبندی و دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top