دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ کو تماشہ نہ بنایا جائے : ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 06 مارچ 2017ء

حکومت اور پی سی بی بتائے کامیاب پی ایس ایل کے بعد انٹرنیشنل ٹیمیں کب پا کستان آرہی ہیں؟
نائب ناظیمین اعلیٰ کے اجلاس سے خطاب، خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، رفیق نجم و دیگر رہنماؤں کی شرکت

لاہور (6 مارچ 2017 ء) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ کو تماشہ نہ بنایا جائے یہ ملک کے مستقبل اور 20 کروڑ عوام کے تحفظ کی جنگ ہے۔ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد ہوتا تو آج قوم منتشر نہ ہوتی۔ جسٹس قاضی فائز عیسی کمشن کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، وہ منہاج القرآن کے نائب ناظمین کے اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، تنویر خان، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد و دیگر رہنماء شریک تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز جتنے سنگین ہیں حکمران اتنے ہی نا اہل اور بد عنوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے ایک میچ کیلئے حکومت نے جتنی توانائیاں صرف کیں ان توانائیوں اور عزم کا 10 فی صد دہشتگردی کے خاتمے میں صرف کیا ہوتا تو آج ملک دہشتگردی سے پاک ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد پی سی بی اور حکومت بتائیں اگلی انٹرنیشنل سیریز پاکستان میں کب ہو رہی ہے؟ یاقوم کو اگلے سال تک پی ایس ایل کے فائنل کا انتظار رہے گا؟ انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے لئے پائیدار امن کا قیام اور آخر ی دہشتگردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ اس کی نظریاتی اور فکری جڑوں کو ختم کرنا ہو گا۔ اپنا اصل کام چھوڑ کر ہر میچ کی حفاظت فوج اور رینجر ز اور ملکی ایجنسیاں نہیں کرسکتیں۔ دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ میں قوم اول روز سے مستعد اور پر عزم ہے، اتحاد اور عزم کی کمی حکومتی صفوں میں ہے۔ دہشتگردی کا انفیکشن اینٹی بائیو ٹیک سے نہیں مکمل سرجری اور لیزر آپریشن سے ٹھیک ہو گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت رینجرز کو صوبہ میں فری ہینڈ دے اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top