بزم منہاج کے زیراہتمام ’’تحریک پاکستان میں طلباء کے کردار‘‘ کے عنوان سے طلباء کنونشن کا انعقاد

پاکستان بنانے کیلئے طلبہ نے قربانیاں دیں استحکام پاکستان کیلئے بھی طلبہ کو کردار ادا کرنا ہو گا، ممتاز الحسن باروی
68 سالوں سے پاکستان میں 26 سے زائد تعلیمی پالیسیاں متعارف کرائیں گئیں:عین الحق بغدادی
بزم منہاج طلباء حقوق کے تحفظ، فروغ عشق رسول ﷺ میں مصروف عمل ہے:ساجد عباسی

لاہور (02 مارچ 2017) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل و معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا ہے کہ پاکستان بنانے کیلئے مسلم طلبہ نے بے شمار قربانیاں دیں اور اب استحکام پاکستان کیلئے بھی طلبہ کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ جو قومیں طلبہ کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں انکا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے حصول پاکستان کی جدوجہد میں طلبہ کو ہر اول دستہ قرار دیا تھا۔ وہ طلبہ کی نمائندہ تنظیم بزم منہاج (کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز) کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں’’ تحریک پاکستان میں طلباء کے کردار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ طلباء کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی صدر بزم منہاج محمد ساجد عباسی، پروفیسر محب اللہ اظہر، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، مہتاب اظہر، طلحہ خورشید، ذیشان ارشد، مشرف بشیر موجود تھے۔ پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ علم اور کردار طلباء کا اسلحہ ہیں۔ طلباء کو یہ بات سمجھنا ہو گی کہ اساتذہ کے ادب کے بغیر تعلیم کا حصول نا ممکن ہے جبکہ تعلیم کی بہتری کے بغیر ملک و قوم کی ترقی نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اساتذہ کے ادب کو اپنا شعار بنائیں۔ غیر ضروری اور منفی سر گرمیاں طلبہ کیلئے زہر قاتل ہیں۔ کسی بھی طلبہ تنظیم کو یہ حق حاصل نہیں کہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے تقدس کو پامال کرے۔ تقریب سے ریسرچ سکالر عین الحق بغدادی اور مرکزی صدر بزم منہاج ساجد عباسی نے بھی خطاب کیا۔ ریسرچ سکالر عین الحق بغدادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 68 سالوں سے پاکستان میں 26 سے زائد تعلیمی پالیسیاں متعارف کرائیں گئیں۔ آج بھی ہمارا تعلیمی نظام کسی سچائی کی تلاش میں ہے۔ پاکستان تعلیم کے حصول میں 136 ویں نمبر پر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک اپنے شہریوں کو تعلیم جیسے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں کامیاب نہیں۔ ملک بھر میں منہاج القرآن کے تحت قا ئم 700 سے زائد سکولز، درجنوں کالجز، کالج آف شریعہ اور منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مرکزی صدر بزم منہاج ساجد عباسی نے کہا کہ طلباء ذہین، با صلاحیت، محنتی اور وطن عزیز سے محبت کرتے ہیں۔ آج کے طالب علم وہ ساری خوبیاں موجود ہیں جو کسی قوم کیلئے عزت اور وقار کا باعث بنتی ہیں۔ بزم منہاج طلباء حقوق کے تحفظ، فروغ عشق رسول ﷺ اور بیداری شعور کیلئے مصروف عمل ہے۔ ہماری تین دہائیوں کی جدوجہد میں کبھی کوئی شیشہ بھی نہیں ٹوٹا۔ جلاؤ، گھیراؤ اور بلیک میلنگ جیسی سیاست کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیں امن، محبت اور محنت کی تعلیم دی ہے اور ہم انکی فکر کے امین ہیں۔ کنونشن منہاج یونیورسٹی کالج آف شریعہ سمیت مختلف تعلیمی ادروں کے طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کنونشن کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top