افغان فورسز کا پاکستانی شہریوں پر حملہ قابل مذمت ہے: جی ایم ملک

مورخہ: 05 مئی 2017ء

مردم شماری کے عملہ پرحملہ کھلی دہشتگردی ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا
دیار غیر میں روزگار کمانیوالے پاکستانی ملکی حالات پر دکھی ہیں: اجلاس سے خطاب

لاہور (05 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن کے ناظم امور خارجہ جی ایم ملک نے چمن میں افغان فورسز کی طرف سے حملہ کو کھلی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مردم شماری کے عملہ پر حملہ جارحیت ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دونوں ممالک کے عوام دہشتگردی کا شکار ہیں، دونوں ملکوں کو ملکر دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا چاہیے، چمن واقعہ سے پاکستان کے عوام کو بہت دکھ پہنچا، انہوں نے حملہ میں زخمی ہونیوالے شہریوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی، انہوں نے کہا کہ حکومت مردم شماری کے عملہ کی حفاظت کو یقینی بنائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فول پروف اقدامات کرے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک ڈنمارک کے اجلاس سے بذریعہ وڈیو کانفرنس خطاب کر رہے تھے، اجلاس میں عوامی تحریک ڈنمارک کے آرگنائزر شیخ اشفاق، صدر عوامی تحریک ڈنمارک غلام محی الدین، محمد منیر، محمد اکرم جوڑا ودیگر راہنما موجود تھے۔

جی ایم ملک نے کہا ہے کہ دیار غیر میں روزگار کمانے والے پاکستانی ملک کے حالات پر بہت دکھی اور افسردہ ہیں، وہ ملک کو معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، مگر نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک کے حالات ان کی خواہشات کے بالکل برعکس ہیں، ملکی سلامتی اور خود مختار ی کو لاحق خطرات پر بیرون ملک پاکستانیوں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

اجلاس میں عالمی یوم آزادی صحافت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جی ایم ملک نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور ملکی استحکام کے لیے صحافی برادری نے بڑی قربانیاں دی ہیں، ملکی بقاء واستحکام اور جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے پر صحافیوں نے جام شہادت بھی نوش کیا ہے۔

اجلاس میں عوامی تحریک ڈنمارک کے راہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی اور انصاف کے ادارے صحافیوں کے خلاف حکومتی غنڈہ گردی کا نوٹس لیں، پیمرا حکومتی مفادات کی بجائے آزادی اظہار کا تحفظ کرے، عوامی تحریک ایسا کوئی اقدام قبول نہیں کرے گی جس سے آزادی اظہار پر حرف آتا ہو۔

جی ایم ملک نے مزید کہا کہ عوام دشمن نظام اور ملک دشمن حکمران ملکی ترقی کے راہ میں رکاوٹ ہیں، ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری اور دہشتگردی نے غریب کو زندہ درگور کر دیا ہے، پاکستان عوامی تحریک ملکی بقاء، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد غریبوں کو انکے حقوق دلانا اور صحیح معنوں میں خوشحال پاکستان کی بنیا د رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے تسلسل نے ملکی معیشت کو کمزور کر دیا ہے، غریب کی آنکھیں ان کربناک حالات کو دیکھ کر پتھرائی ہوئی ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top