لودھراں: منہاج القرآن کے زیراہتمام سالانہ شب بیداری بسلسلہ شبِ برات

مورخہ: 11 مئی 2017ء

مؤرخہ 11 مئی 2017 کو تحریک منہاج القرآن یونین کونسل ڈیرہ جنڈ بستی بنگلہ، لودھراں کے زیرِاہتمام سالانہ شب بیداری بسلسلہ شبِّ برات عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ محفل میں معززین علاقہ، مذہبی و سیاسی شخصیات اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ بابرکت محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں حبیب قادری اور دیگر ثناء خوان مصطفی ﷺ نے نہایت خوبصورت انداز میں محبت و عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔

علامہ محمد آصف قادری نے محفل سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے منتظمین کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی، اور دور و نزدیک سے تشریف لائے ہوئے مہمانوں اور خواتین و حضرات کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مجالس اور ایسے حلقات جن میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا ذکر ہو، عبادت ہو، اللہ کے حضور توبہ و استغفار ہو، اس کی تسبیح ہو، اس کے محبوب ﷺ پر صلاۃ و سلام ہو اور ایسے اعمال صالحہ ہوں جو اللہ تبارک وتعالیٰ کی بارگاہ میں قبولیت پاتے ہیں، میں حاضری بڑی خوش قسمتی اور سعادت مندی کی بات ہے۔

انہوں نے تصور بندگی اور فکرِ آخرت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا: کہ اے ایمان والو! تم اللہ سے ڈرتے رہو اور ہر شخص کو دیکھتے رہنا چاہئیے کہ اس نے کل (قیامت) کے لیے آگے کیا بھیجا ہے، اور تم اللہ سے ڈرتے رہو، بے شک اللہ اُن کاموں سے باخبر ہے جو تم کرتے ہوo

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو روزانہ سونے سے پہلے محاسبہ نفس کرنا چاہیے کہ اُس نے اپنے کل (آخرت) کے لیے کیا جمع کیا! اس عارضی دنیا کے مقابلے آخرت کے لیے کتنا وقت نکالا، دین اسلام پر کس حد تک عمل کیا، کیا ہمارے اعمال اس قابل ہیں کہ ہم اللہ کے حضور شرمندہ ہونے سے بچ سکیں! انہوں نے مزید کہا کہ آج کی رات ہم گنہگاروں کے لیے سنہری موقع ہے کہ ہم اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی توبہ کریں اور آئندہ زندگی کو اس کی فرمانبرداری میں گزارنے کا عہد کریں۔

آخر پر انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عظیم خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے حاضرین کو شیخ الاسلام کے عظیم مشن میں اُن کے دست و بازو بننے کی دعوت دی۔

خطاب کے بعد صلاۃ التسبیح ادا کی گئی، نماز تسبیح کے بعد حلقۂ ذکر کا انعقاد ہوا اور حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں صلاۃ و سلام پیش کیا گیا۔ علامہ محمد آصف قادری نے خصوصی دعا کروائی، اِس دوران فضا اللہ کے ذکر، استغفار، آہ و زاری اور سسکیوں سے گونجتی رہی۔

محفل کے اختتام پر میزبان مجلس محمد یوسف ملک، منظور احمد خان بلوچ، منیر خان، قاری حافظ عابد، مہرمشتاق، مہر عارف، شاہد مہے اور دیگر منتظمین نے تمام مہمانوں اور خواتین و حضرات کی تشریف آوری پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور اُنہیں سحری کروائی، اور یوں پندرہویں شعبان کی مبارک صبح کا آغاز ہوگیا۔

رپورٹ: محمد یوسف ملک (بستی بنگلہ، لودھراں)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top