رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم و کرم کا موسم بہار ہے: فیض الرحمن درانی

مورخہ: 26 مئی 2017ء

’’ شہر رمضان‘‘ عفو و درگرز، بخشش و رحمت اور جہنم سے آزادی کا مہینہ ہے، جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب
تاجر دکاندار منافع کم کر کے غریب روزہ داروں کی دعائیں لیں، مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن

لاہور (26 مئی 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحم و کرم کا موسم بہار ہے، رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ آن پہنچا ہے، اس مقدس مہینے کا پہلا عشرہ اللہ کی رحمت، درمیانی عشرہ مغفرت اور آخری عشرہ جہنم کی آگ سے آزادی کا ہے، ہمیں اس پورے ماہ مبارک کی دل و جان سے قدر کرنی چاہیے، اس کے تقاضوں کو شرائط و اداب کے ساتھ پورا کرنا چاہیے، توبہ استغفار کی کثرت کر کے ذوق و شوق سے نماز تراویح ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر دکاندار منافع کم کر کے غریب روزہ داروں کی دعائیں لیں اور اللہ کی رحمت اور نعمتوں کے امیدوار بنیں وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں صدقہ و خیرات دل کھول کر کریں، زکوۃ ادا کریں، آخری عشرے میں اعتکاف کریں، مستحقین کی مدد کریں، انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں سچی تڑپ کے ساتھ اپنے قلوب و اذہان کو بیدار کیجئے، نبی آخر الزماں ﷺ کے فرمائے ہوئے طریقے پر چل کر ان کے صحابہ جیسی تڑپ کو اپنے دلوں میں بیدار کر کے قرآن کریم کو صرف پڑھیے ہی نہیں بلکہ حرف حرف میں ڈوب کر آیات کو سمجھ کر اللہ رب العزت کے دئیے گئے احکامات پر عمل کرنے کی کوشش کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی صفت ہے کہ وہ معاف کرنے والا ہے، درگزر کرنے والا ہے، نبی کریم ﷺ کی ذات گرامی بھی صبر اور معاف کرنے والی ہے’’ شہر رمضان ‘‘ عفو و درگرز، بخشش و رحمت اور جہنم سے آزادی کا مہینہ ہے، جس طرح ہم اللہ تعالیٰ سے معافی کے طلبگار ہوتے ہیں، اسی طرح لازم ہے کہ ہم دوسروں کی غلطیاں معاف کرنے والے بن جائیں، ارشاد خداوندی ہے کہ جس نے معاف کیا اور اپنی اصلاح کر لی اس کا اجر اللہ کے ذمے ہے، بلاشبہ وہ ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top