محرم الحرام کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے: منہاج القرآن علماء کونسل

اہل بیت کی قربانیاں انسانیت کیلئے تھیں، جابروں کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کربلا ہے
منہاج القرآن علماء کونسل کا عشرہ محرم الحرام’’ عظمت اہل بیت ‘‘کے طور پر منانے کا فیصلہ
اجلاس میں علامہ فرحت حسین شاہ، الحاج امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر و دیگر کی شرکت

لاہور (20 ستمبر 2017) محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے منہاج القرآن علماء کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں علماء کونسل کے مرکزی، صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن علماء کونسل پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم تا 10 محرم پیغام حسین علیہ السلام کانفرنسز منعقد کرے گی اور محرم الحرام کے مہینے کو ’’عظمت اہل بیت ‘‘ کے طور پر منائے گی۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔

اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ الحاج امداد اللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر محمد آصف اکبر، علامہ محمد حسین آزاد، ڈاکٹر مسعود مجاہد، علامہ پیر عثمان سیالوی، علامہ امداد احسین شاہ، علامہ خلیل حنفی، مفتی غلام اصغر صدیقی، حافظ طاہر ضیاء، پیر سیدعابد علی شاہ مشہدی سمیت علماء کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کی ضلعی و تحصیلی تنظیمات کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ محرم الحرام میں پیغام حسین علیہ السلام کانفرنسز منعقد کریں اور اس محترم مہینے کو عظمت اہل بیت کے طور پر منائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا خاندان رسول نے مقدس جانوں کا نذرانہ دے کر قرآنی احکامات کا تحفظ کیا، محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ امن و امان برقرا رکھنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ محرم کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں پوری انسانیت کیلئے تھیں۔محرم الحرام ہمیں شہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ظلم کے سامنے ڈٹ جانا، ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کر بلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں حسینی امن پسندی نے یزیدی دہشتگردی کوشکست د ی تھی۔

اجلاس سے علامہ امداد اللہ قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسوۂ شبیری علیہ السلام کو اپنی ذات، اپنے خاندان اور سوسائٹی پر پوری طرح نافذ کرنا ہو گا۔ علمائے کرام علمی، عملی، تحریری اور تقریری طور پر اس مقدس مہینے میں اخوت، محبت اور رواداری کو فروغ دے کر دوسروں کی اصلاح کرنے کی کوشش کریں۔ بزرگان دین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی بات کریں تاکہ امت مسلمہ انتشارسے محفوظ رہے اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کر سکے۔ اجلاس سے علامہ میر آصف اکبر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top