ریاست پاکستان آج فاروقی صفت لیڈر کی تلاش میں ہے: علامہ امداد اللہ قادری

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا دور حکمرانی آئیڈیل ریاست کی تشکیل کیلئے مشعل راہ ہے، علامہ امداد اللہ
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی خلافت کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے، مرکزی صدر علماء کونسل منہاج القرآن
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام سیمینار ’’فکر فاروقی، امت مسلمہ اور پاکستان‘‘ سے خطاب

لاہور (23 ستمبر 2017) تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ الحاج امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ خلیفہ دوم مراد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ باکمال ہستی ہیں جنہیں خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غلاف کعبہ سے لپٹ کر رات کی تنہائی میں اپنے رب سے مانگا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خلافت کا نمایاں وصف عدل و انصاف ہے۔ عدل و انصاف کا یہ دائرہ صرف مسلمانوں تک محدود نہ تھا بلکہ مسیحی، یہودی، مسلم سب کیلئے یکساں تھا۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں امیر، غریب، مفلس، مالدار سب ایک ہی حال میں نظر آتے تھے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم شہادت امت مسلمہ کے ایک ایک فرد کو دعوت فکر دے رہا ہے کہ وہ فکری و عملی طور پر اپنے تابناک ماضی سے جڑ کر عروج و روشنیوں کا سفر شروع کریں۔ آج ریاست پاکستان کو حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صفات والے لیڈر کی تلاش ہے جو حکمت و بصیرت اور تدبر سے پاکستان کی کشتی کو منجدھار سے نکال کر ساحل مراد تک لے جائے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’فکر فاروقی، امت مسلمہ اور پاکستان ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ میر آصف اکبر، علامہ امداد اللہ شاہ، مفتی خلیل حنفی، حافظ طاہر ضیاء، علامہ لطیف مدنی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ محمد حسین آزاد و دیگر بھی موجود تھے۔

علامہ امداداللہ قادری نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا دور حکمرانی آئیڈیل ریاست کی تشکیل کیلئے آج بھی مشعل راہ ہے۔ امت مسلمہ کی تنزلی کی بڑی وجہ اسلام کی حقیقی قدروں سے روح گردانی ہے۔ ریاست پاکستان کمزور سے کمزور تر ہوتی جارہی ہے۔ اس کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو خطرات نے گھیر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام حالات کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زریں تعلیمات کی روشنی میں اقتدار ایسے قابل اور باکردار لیڈر کو سونپیں جس کی زندگی کا ایک ایک لمحہ مصطفوی انقلاب کیلئے وقف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری آج کے دور میں فکر فاروقی کے امین ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top