نسلوں کی تربیت کیلئے خواتین کوسیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے دامن سے وابستگی اختیار کرنا ہو گی: فرح ناز

مورخہ: 09 مارچ 2018ء

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ’’سیدہ کائنات کانفرنس‘‘ کل ہو گی
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری 11 مارچ کو محفل سماع میں شرکت کریں گے

لاہور (9 مارچ 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کا اہم اجلاس مرکزی صدر فرح ناز کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 11 مارچ (اتوار) کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن میں سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ ’’سیدہ کائنات کانفرنس‘‘ کی تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد، کلثوم طفیل، ام حبیبہ، ثمرین یاسین سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صوبائی و ضلعی عہدیداران موجود تھیں۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ 11 مارچ اتوار کو ہونے والی سیدہ کائنات کانفرنس منہاج القرآن ویمن لیگ اور امامیہ آرگنائزیشن کی شراکت سے ہو گی، کانفرنس میں اہم علمی، مذہبی، سیاسی، سماجی خواتین رہنما شرکت کریں گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرح نازنے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا ہوبہو رسول اکرم ﷺ کی تصویر تھیں، اسلام نے سیدہ کائنات کو رول ماڈل بناکر جو مقام خواتین کو عطاء کیا کوئی مذہب، معاشرہ اس کی نظیر پیش نہیں کر سکتا، عورت کی تقدیس و تکریم صرف اسوہ فاطمہ سلام اللہ علیہا پر عمل میں ہے، انہوں نے کہا کہ بہترین نسلوں کی تربیت اور دنیا و آخرت میں منزل کیلئے خواتین عالم کو خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے دامن سے وابستگی اختیار کرنا ہو گی۔

دریں اثناء منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام 11 مارچ اتوار کی شام پی پی 157 مناواں میں محفل سماع کا انعقاد کیا جائیگا، محفل سماع میں نامور قوال شرکت کرینگے، محفل سماع کے مہمان خصوصی چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین القادری ہونگے، نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم، مرکزی صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ مظہر محمود علوی، منصور قاسم اعوان، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، چودھری افضل گجر، یونس نوشاہی، علامہ سید امداد حسین سمیت اہم رہنما محفل سماع میں شرکت کریں گے۔

عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان نے محفل سماع کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی و سرپرست اعلیٰ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 67 ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ محفل سماعت کے اختتام پر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی جائیگی اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائیگا، ان کی درازی عمر، صحت، سلامتی کیلئے دعا کی جائیگی۔ تقریب میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات کی بلندی اور قاتلوں کے جلد کیفر کردار تک پہنچنے کیلئے بھی خصوصی دعا کی جائیگی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top