کوئی نااہل انقلابی نہیں ہو سکتا: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 11 مارچ 2018ء

عدالت نااہل قرار نہ دیتی تو یہ نظام آج بھی نااہل کے ماتھے کا جھومر ہوتا
تحریک منہاج القرآن مصطفوی انقلاب کیلئے کوشاں ہے، سنٹرل پنجاب کے اجلاس سے خطاب

لاہور (11 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے سنٹرل پنجاب کے عہدیداروں کے تنظیمی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی نااہل انقلابی نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اثاثوں کی منی ٹریل سے نا واقف عوامی قیادت کا اہل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس ظالم نظام کے بارے میں جو حقائق 5 سال قبل 2012-13 میں قوم کے سامنے رکھے، آج وہی کلمات ہر زبان پر ہیں۔ عدالت نااہل قرار نہ دیتی تو یہ نظام آج بھی نااہل کے ماتھے کا جھومر ہوتا۔ پاکستان کے جملہ مسائل کا حل مصطفوی نظام میں ہے اور تحریک منہاج القرآن مصطفوی انقلاب کیلئے علم اور امن کی طاقت سے جدوجہد کر رہی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب یہ ظالم نظام اور اس نظام کو پالنے والے نااہل تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن جائینگے۔

سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، سید محمود الحسن، چوہدری محمد اکرم، حافظ شبیر احمد قادری، سید فرحان الحسن، بابر چوہدری، ریاست علی چدھڑ و دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے انتہائی نازک موڑ سے گزر رہا ہے، نہ صرف نظریہ پاکستان پر مراعات یافتہ مقتدر طبقہ حملہ آور ہے بلکہ یہ طبقہ ایمان اور اسلام کی بنیادوں کو بھی اپنے اقتدار کیلئے کھوکھلا کرنے میں مصروف ہے۔ ختم نبوت کے قانون کو بدلنا اور پھر رپورٹ کو پبلک کرنے سے انکار کرنا عقیدہ ختم نبوت پر ایمان رکھنے والوں کے مذہبی عقائد کو مجروح کرنے کی ناپاک حرکت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف ایمان کی حرمت بلکہ انسانیت کی حرمت کو بھی پامال کیا جا رہا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے جانے پہچانے قاتل ریاست پاکستان کو چیلنج کر رہے ہیں، اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کرنا تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ہر کارکن پر لازم ہے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام کے پر امن تشخص کو دہشتگردی سے داغ دار کرنیوالوں کو بے نقاب کیا اسی طرح اب نظریہ پاکستان کرپشن کے خاتمے، امن اور انصاف کے بول بالا کیلئے بھی جدوجہد میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلام اور پاکستان کی سر بلندی کیلئے برسر پیکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام امن کے فروغ اور انسانیت کی فلاح و بہبود کی تعلیمات سے عبارت ہے۔ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن انہی بنیادوں پر مصطفوی مشن کا پیغام گلی گلی، گھر گھر پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پر فتن دور میں تحریک منہاج القرآن کے پیغام کو عام کیا جائے، رکنیت سازی مہم میں تیزی لائی جائے اور قوم کو نت روز سر اٹھانے والے فتنوں سے بچایا جائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top