معصوم بچوں کیساتھ بد اخلاقی کے واقعات کم ہونے کی بجائے بڑھ گئے: منہاج القرآن

مورخہ: 26 مارچ 2018ء

قصور کے بعد فیصل آباد میں منظم وارداتیں حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین
برطانوی جج کے اسلام کی پر امن تعلیمات کے بارے میں ریمارکس خوش آئند ہیں: چیئرمین سپریم کونسل
امریکہ میں آج اسامہ کے مقابلے میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا اسلامک بیانیہ پڑھایا جا رہا ہے

لاہور (26 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کم ہونے کی بجائے بڑھ گئے جس سے واضح ہوتا ہے ایک منظم گروہ ان وارداتوں میں ملوث ہے اور انہیں سرپرستی حاصل ہے۔ قصور کے واقعات سے حکمرانوں نے کوئی سبق حاصل نہیں کیا، بچوں کے ساتھ زیادتی کے مسلسل واقعات حکومتی رٹ کمزور ہونے کی دلیل ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد اور جڑانوالہ میں بچوں کے ساتھ پیش آنیوالے بد اخلاقی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ واقعات میں ملوث عناصر اور انکے سرپرستوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں علماء کونسل کے تنظیمی اجلاس کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ برائی سے روکنا اور نیکی کا راستہ اختیار کرنا یہ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ سوسائٹی کو معاشرتی برائیوں سے پاک کرنے کیلئے عوام اپنا اسلامی فریضہ انجام دیں اور اس ضمن میں ریاستی اداروں کی مدد کریں اور اگر ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے انکار کریں تو انکے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جانی چاہیے۔ عوام کو مٹھی بھر جرائم پیشہ گروہ اور انکے سرپرستوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی جج ہیڈن کیوو نے میٹرو بم دھماکے کے ملزم کو سزا سناتے ہوئے اسلام کی جن پر امن تعلیمات کا حوالہ دیا وہ خوش آئند ہے۔ یہی سچائی ہے جس کا اظہار معزز جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اسلام کسی بے گناہ کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتا اور ایک بے گناہ کی موت کو پوری انسانیت کی موت قرار دیتا ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ الحمدللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دنیا کو اسلام کی پر امن تعلیمات کا جو پیغام دیا تھا اس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں تعلیمی اداروں میں پہلے صرف اسامہ بن لادن کا بیانیہ پڑھایا جاتا تھا اب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کا انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد کے حوالے سے مدلل بیانیہ بھی نصاب میں شامل ہو چکا ہے جو ایک بڑی کامیابی اور پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ قرآن مجید امن اور سلامتی کی کتاب ہے اور قرآن پاک ہر طرح کی انتہا پسندی، جنونیت اور دہشتگردی کے خلاف ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top