حضرت علی علیہ السلام کرم اللہ وجہہ کو پہلے امتی اور نمازی ہونے کا شرف حاصل ہے: علامہ فرحت حسین

مورخہ: 31 مارچ 2018ء

حضرت علی علیہ السلام کا گھرانہ اول روز سے معرفت الٰہی اور معروفت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مرکز رہا
فقر و مسکنت آپ کا شعار ،بندگی اور عبادت آپ کی پہچان تھی ،نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
آپ علیہ السلام جب تک حیات رہے علم و عرفان کے ذخیرے بڑھتے رہے ،یوم ولادت علیہ السلام پر خطاب

لاہور (31 مارچ 2018) تحریک منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے مولود کعبہ حضرت علی علیہ السلام کرم اللہ وجہہ کے یوم ولادت پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام کا گھرانہ اول روز سے معرفت الٰہی اور معرفت رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مرکز رہا ہے، یہی وجہ تھی کہ حضرت مُطلب خانہ کعبہ کے متولی رہے اور ابوطالب نے اپنے بیٹے حضرت علی علیہ السلام شیر خدا کو ایثار، وفا اور استقامت کا مظہر بنا کر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آغوش تربیت میں دیا۔

امت مسلمہ کے سب سے پہلے نمازی اور سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے اور ہر میدان میں دشمنان اسلام کو شکست کھانے پر مجبور کر دینے والے حضرت علی علیہ السلام شیر خدا تھے، آپ علیہ السلام کی پوری زندگی محبت و مودت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سائے میں گزری، آپ واحد صحابی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں جن کی شان میں سب سے زیادہ قرآنی آیات اور حدیث مبارکہ موجود ہیں۔ آپ علیہ السلام نے ہمیشہ فقر اور ،مسکنت کو اپنا شعار بنا کر رکھا، بندگی اور عبادت آپ کی پہچان رہی، کائنات میں سب سے اعلیٰ و عرفہ جگر گوشہ حضور رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فاطمۃ الزہرہ کے ساتھ آپ کا عقد ہوا اور حسن و حسین جیسے ہیرے باری تعالیٰ نے آپ کو عطا فرمائے۔

آپ کی شجاعت، بہادری، استقامت، وفا، ایثار، ہمدردی اور علم و عرفان میں کوئی آپ کا ثانی نہ تھا، بڑے بڑے غزوات کو فتح کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرمایا کرتے تھے اس کے ہاتھ میں علم دوں گا جس کے ہاتھ پر اللہ نے فتح لکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ آج شیر خدا کا یوم ولادت منارہی ہے، حضرت علی علیہ السلام وہ عظیم صحابی رسولصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے کہ جب تک حیات رہے علم و عرفان کے ذخیرے بڑھتے رہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آل کے مقدس خون نے دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بقاء بخشی اور مصلحت کے پردے میں چھپی ہوئی منافقت اور کفر و الحاد کو قیامت تک کیلئے بے نقاب کر دیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top