عوامی تحریک و منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا مشترکہ اجلاس

کارکن ممبر سازی، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ الیکشن کی بھر پور تیار یاں کریں، اجلاس میں فیصلہ
آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں شریف برادران کا کوئی کردار نہیں ہو گا: حافظ غلام فرید
شہباز دور میں کرپشن، جعلی پولیس مقابلوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہوا: چوہدری افضل گجر

Minhaj ul Quran Lahore leaders meeting 2018

لاہور (10 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا مشترکہ اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کی۔ اجلاس میں ممبر سازی، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ الیکشن کی بھر پور تیاریوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کو تنظیمی سطح پر پورے ضلع میں آرگنائز کیا جائیگا۔ اجلاس میں منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہور کے ضلعی، پی پی اوریونین کونسل سطح کے عہدیداران موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ کارکن ممبر سازی و عوامی رابطہ مہم کے ساتھ ساتھ آنے والے الیکشن کی بھر پور تیاری کریں۔ شریف برادران کے اقتدار کی جڑیں کھوکھلی ہو چکی ہیں، قاتل و کرپٹ حکمران بس اب چند دنوں کے مہمان ہیں، آئندہ کے سیاسی منظر نامے میں شریف برادران کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ عوام قاتل حکمرانوں اور ظالمانہ نظام دونوں کی رخصتی چاہتے ہیں۔ عہدیدران و کارکنان منہاج القرآن و عوامی تحریک کو منظم و متحرک تنظیمی قو ت میں تبدیل کرنے کیلئے دن رات محنت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں حصہ لیں گے اور نظام کی تبدیلی کیلئے اسمبلیوں کے اندربھی جدوجہد کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنان عدل کے نظام اور عوامی جمہوریت کے قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری ہمارے عظیم کارکنوں کے حوصلے نہیں توڑ سکی۔ قاتل و کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف قصاص کی صورت میں لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران صرف بیانات کے ذریعے ایک بار پھر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں مگر انکی یہ بھول ہے کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے انہیں ایک بار پھر اقتدار میں لے آئیں گے۔ قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کا ٹھکانہ اب جیل ہو گا۔ شہباز شریف کے دور اقتدار میں صرف کرپشن، جعلی پولیس مقابلوں اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نا م نہاد وزیر اعلیٰ نے تھانے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اڈوں میں تبدیل کر دئیے ہیں، عوامی تحریک کو تنظیمی سطح پر لاہور سمیت پورے ملک میں آرگنائز کیا جا رہا ہے، آنے والے الیکشن میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک بچانا ہے تو چور لٹیرے حکمرانوں سے جان چھڑانا ہو گی، یہ حکمران جب تک مسلط رہیں گے ملک اور عوام دونوں پستے رہیں گے۔ 14 بے گناہوں کو شہید اور 100 لوگوں کو گولیوں سے زخمی کرنے والے ظالمانہ نظام کو بدل کر ہی دم لیں گے۔ اجلاس سے ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، ثناء اللہ خان، اصغر ساجد، میاں حنیف، عزیز محمود و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top