منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی رجسٹریشن شروع

مورخہ: 21 مئی 2018ء

خرم نواز گنڈاپور نے رجسٹریشن کروا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا،
ملک کے تمام بڑے شہروں میں اعتکاف رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دیئے گئے
شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے: جواد حامد کا اجلاس میں مطالبہ

لاہور (21 مئی 2018) تحریک منہاج القرآن کے شہر اعتکاف 2018 کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا، مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤ ن میں شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں شہر اعتکاف کیلئے 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے رجسٹریشن کروا کر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

jawad hamid statement itikaf 2018 registration starts

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے کہا کہ حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے اعتکاف کے انعقاد کا شرف تحریک منہاج القرآن کو حاصل ہوتاہے۔ اعتکاف روحانی تربیت کا بہترین ذریعہ ہے۔ شہر اعتکاف 2018 کیلئے آج سے رجسٹریشن و تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، ملک بھر میں ضلعی، تحصیلی و یونین کونسل سطح پر بھی رجسٹریشن مہم شروع کر دی گئی ہے۔ رجسٹریشن مہم 17 رمضان تک جاری رہے گی۔ جواد حامد نے کہا کہ لاہور سمیت اندرون و بیرون ملک کی تنظیمات روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن ڈیٹا مرکز کو بھجوائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں ہزاروں کی تعداد میں معتکفین شرکت کریں گے، مرد جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن ٹاؤن شپ میں جبکہ خواتین منہاج گرلز کالج ٹاؤن شپ میں اعتکاف بیٹھیں گی۔ موسم کی شدت کے پیش نظر اس سال شہر اعتکاف میں خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ جواد حامد نے کہا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے تمام بڑے شہروں میں اعتکاف رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دئے گئے ہیں، شہر اعتکا ف کی تزئین و آرائش اور تیاریوں کے کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے درمیان رابطے کیلئے شہر اعتکاف میں کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اعتکاف میں معتکفین کو غیر معمولی روحانی ماحول میسر آتا ہے۔ حسب روایت اس سال بھی توبہ آنسوؤں کا شہر پھر سے آباد ہو گا۔ ہزاروں معتکفین کے سحر و افطار کی بر وقت ترسیل کا مربوط نظام بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوان سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے شہر اعتکاف میں دیو ہیکل پنکھے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر اعتکاف کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے تاکہ ہزاروں عبادت کرنے والوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں جی ایم ملک، انجنیئر محمد رفیق نجم، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، سہیل احمد رضا، حافظ غلام فرید، سعید اختر، میاں زاہد، علامہ میر آصف اکبر، علامہ سید فرحت حسین شاہ، ثناء اللہ خان، ساجد اصغر، غلام مرتضیٰ علوی، منصور قاسم، یونس نوشاہی، زینب ارشد، کلثوم طفیل، چوہدری افضل گجر و دیگر بھی شریک تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top