تزکیہ نفس ہی میں حقیقی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے: تحریک منہاج القرآن

مورخہ: 13 جون 2018ء

نوجوانوں کی صحیح تربیت و اصلاح ہی مستقبل میں کامیابی کی ضمانت ہے
انجینئر رفیق نجم، مظہر علوی، عرفان یوسف، حافظ غلام فرید کا شہر اعتکاف میں فکری نشست سے خطاب

لاہور (13 جون 2018) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ تربیت ایک ایسا عمل ہے جس کے ذریعے طلباء اور نوجوانوں کو اسلام کے متعین کردہ حدود کا پابند کیا جا سکتا ہے، قرآن مجید نے تربیت کیلئے بہت ہی خوبصورت لفظ استعمال کیا ہے جس میں جامعیت کے ساتھ ساتھ گہرائی بھی ہے، تزکیہ کے معنی نفس کو جملہ برائیوں سے روکنا اور گناہوں سے پاک کرنا ہے، اچھائیوں اور خوبیوں کو اپنا کر پروان چڑھانا ہے، تزکیہ نفس ہی اخلاقی، روحانی اور مادی ترقی کا ضامن ہے، تزکیہ فرد کی اصلاح و تعمیر تک ہی محدود نہیں بلکہ اقدار پر مبنی معاشرے کا قیام بھی اس کا مطلوب ہے، تزکیہ نفس ہی میں حقیقی کامیابی کا راز پوشیدہ ہے۔ وہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ شہر اعتکاف میں منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور لاہورسے معتکفین کی تربیتی نشست سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، منصورقاسم، اشتیاق حنیف مغل، رانا تجمل، یونس نوشاہی، حفیظ اللہ جاوید ودیگر بھی موجود تھے۔

رفیق نجم نے کہا کہ زمانہ جتنا آگے بڑھتا جارہا ہے نوجوانوں کی اہمیت، رول اور حیثیت میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے، زندہ قومیں اپنے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور کردارپرخصوصی توجہ دیتی ہیں، تحریکوں کو متحرک رکھنے اور نظریات کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے نوجوانوں نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے، نوجوان بلند عزائم کے مالک ہوتے ہیں، جہد مسلسل اور جفا کشی ان کا طرۂ امتیاز ہوتا ہے، نوجوان ہر قوم و ملت اور تحریک کیلئے امید کی کرن ہوتے ہیں، نوجوان قوم و ملت کیلئے اسی صورت کارگر ثابت ہو سکتے ہیں جب ان پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، یہ طبقہ اسی وقت ملت کیلئے سایہ دار اور ثمر آور درخت بن سکتا ہے جب ملت کا ہر طبقہ ان کی تعلیم و تربیت اور اصلاح کیلئے اپنی صلاحیتوں اور ذرائع کو بروئے کار لانے کا تہیہ کر لے۔

نوجوانوں کی اسلامی طریقوں کے مطابق رہنمائی کرنا نہ صرف دور حاضر کا بلکہ ہر دور میں تجدیدی نوعیت کا کام ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کے دلوں کو ادب و تعظیم رسول ﷺ کے آداب سے آشنا کرنے کیلئے اپنی تمام فکری، نظریاتی، عملی، روحانی اور قلبی صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری جدوجہد کر رہے ہیں کہ ملت اسلامیہ عشق رسول ﷺ کو زاد راہ بنائے تاکہ حقیقی منزل آشنا ہوسکے۔

تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قوم کو سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز، عالمی معیار کی یونیورسٹی، سینکڑوں کتب، ہزاروں موضوعات پر آڈیو، ویڈیو سی ڈیز کا ذخیرہ اور 90 سے زائد ممالک میں حضور ﷺ کی محبت اور عشق کا پیغام پہنچانے میں ایک ایک لمحہ اور ایک ایک سانس وقف کر دیا ہے، نوجوانوں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا دست و بازو بننا ہو گا تاکہ امت مسلمہ اور پاکستانی قوم اپنی صحیح منزل کی طرف گامزن ہو سکے۔

چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ شہر اعتکاف میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سنگت میں 10 دن مہمان بننا بڑی سعادت کی بات ہے، ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ رحمت اور برکت کے اس بہتے دریا سے ہم کس طرح زیادہ سے زیادہ جھولیاں بھر سکتے ہیں، کیسے نیکیاں سمیٹ سکتے ہیں اور دس دن کی اس تربیتی اور عملی مشق سے ہم کس طرح اپنی شخصیت کے اندر نکھار پیدا کر سکتے ہیں۔

تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے اور دس دن کے اعتکاف سے ہمیں خیر اور بھلائیاں سمیٹنی ہیں، اپنے اندر سے ایک نیا انسان دریافت کرنا ہے، نوجوانوں کی صحیح تربیت و اصلاح ہی مستقبل میں کامیابی کی ضمانت ہے، تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کی تعلیم وتربیت اور کردار سازی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کے فکر و عمل کو صحیح رخ دینے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، نوجوانوں کو اسلام کے دیئے ہوئے نظام تزکیہ کے مطابق ڈھالنے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top