آج سے ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان‘‘ مہم شروع کی جائیگی: منہاج القرآن لاہور

مہم 14 اگست تک جاری رہے گی، جتنی جھنڈیاں اتنے پودے لگائے جائینگے: اجلاس میں فیصلہ
درخت کاٹنے پر پابندی لگائی جائے، اس عمل کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے سخت سزا مقرر کی جائے
ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے: حافظ غلام فرید
ن لیگی حکمرانوں نے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لاکھوں درخت کٹوائے: امیر لاہور

لاہور (31 جولائی 2018) تحریک منہاج القرآن لاہور 71 واں یوم آزادی ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان‘‘ کے عنوان سے منائے گی، لاہور سمیت پورے ملک میں شجرکاری مہم چلائی جائے گی، 14 اگست یوم آزادی پر جتنی جھنڈیاں اتنے پودے لگانے کی مہم شروع کی جائے گی، ’’گرین پاکستان، کلین پاکستان ‘‘کے عنوان سے لاہور سمیت دیگر شہروں میں سیمینارز، کانفرنسز، واک کے ذریعے آگاہی مہم شروع کی جائے گی، سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء طالبات اساتذہ کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے گا۔ لاہور سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی کہ ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائے ملک کو سرسبز اور شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب امیر لاہور محمد حنیف قادری، نائب امیر حفیظ اللہ جاوید، ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، ناظم ویلفیئر ثناء اللہ خان، ممتاز حسین، رمضان ایوبی، اصغر ناز، ریحان چودھری، حافظ صفدرعلی ، یونس نوشاہی، علامہ امداد اللہ شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور سمیت پورے ملک میں برسوں سے شجرکاری مہم جاری ہے، مرکزی و صوبائی حکمران اور ضلعی انتظامیہ موسم بہار میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہیں، تحصیل سے لے کر ڈویژن سطح تک تمام سرکاری دفاتر میں اربوں روپے کے پودے لگائے جاتے ہیں لیکن پودے لگانے کی رسم مکمل کرنے کے بعد ان پودوں کی حفاظت نہ کرنے کی وجہ سے کبھی بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے درخت لگائے گئے اگر ان میں سے 20 فیصد بھی برقرار رہتے تو آج ملک کا موسم اور ہوتا، افسوس کروڑوں روپے کے پودے لگانے کے باوجود درختوں کا رقبہ بڑھنے کی بجائے روزبروز کم ہورہا ہے، ماحول اور موسم بہتر بنانے کیلئے ملک کا 25 فیصد حصہ جنگلات پر مشتمل ہونا چاہیے مگر اربوں روپے سالانہ خرچ کرنے کے باوجود پاکستان میں جنگل صرف 4 فیصد کے قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس ناکامی کا سبب کرپشن اور متعلقہ محکموں کی عدم دلچسپی ہے، حکمرانوں کے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں درخت کاٹے جارہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلا ضرورت درخت کاٹنے پر پابندی لگائی جائے اور اس عمل کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے سخت ترین سزا مقرر کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں جنگلات اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے۔

اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن اپناعملی کردار ادا کرے گی تاکہ قدرت کے انمول تحفے کو بچایاجا سکے، منہاج القرآن لاہور عوامی بیداری شعور مہم شروع کرے گی جس میں نئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ درختوں کی کٹائی سے بھی مکمل گریز کرنے کی درخواست کی جائیگی، انہوں نے کہا کہ صحت مند درخت پر کلہاڑی چلانا خود اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی چلانے کے مترادف ہے، تحریک منہاج القرآن 71 واں یوم آزادی اس نعرے کے ساتھ منائے گی کہ ’’جتنی جھنڈیاں لگائیں اتنے ہی درخت لگائیں‘‘

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top