ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنا آزادی اظہار نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 19 اگست 2018ء

نفرت کے پرچار سے انتہا پسندوں کے امن اور انسانیت دشمن بیانیے کو تقویت ملے گی
ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنا آزادی اظہار نہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
مقدس ہستیوں کی توہین سے بچا کھچا امن بھی برباد ہو گا، پیغمبر اسلام ﷺ امن و محبت کے داعی تھے
بارود کی بو سے اٹی فضاؤں کو امن، محبت اور عالمی بھائی چارے کی خوشبو سے بدلا جائے: سربراہ عوامی تحریک
منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ہاتھ پر امریکی نوجوان نے اسلام قبول کیا

لاہور (19 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے توہین آمیز خاکوں کے مقابلوں کی خبروں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی بھائی چارے اور امن کے خلاف ایک مذموم اقدام قرار دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کا احترام یہ ہے کہ مقدس ہستیوں، مذاہب، عبادت گاہوں، عقائد اور روایات کا احترام کیا جائے اور دنیا کو کسی نئے تصادم کی طرف جانے سے روکا جائے۔ خاکوں جیسے مذموم فعل کے ذریعے دنیا بھر کے مسلمانوں میں تشویش اور اشتعال بڑھ رہا ہے اسے فی الفور روکا جائے۔ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنا انسانی حقوق اور مسلمہ بین الاقوامی قوانین اوراقدار کی نفی ہے۔ نفرت پھیلانے سے دنیا کا بچا کھچا امن بھی برباد ہو گا اور اس سے انتہا پسندوں کے انسانیت دشمن بیانیے کو تقویت ملے گی۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے بیان میں کہاکہ مذہبی مقدس ہستیوں کے خلاف نفرت انگیزی ہرگز ہرگز آزادی اظہار نہیں ہے، اس وقت دنیا جنگ کے دہانے پر ہے، تہذیبوں کے کسی نئے تصادم کو روکنا ہو گا، اس حوالے سے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بارود کی بو سے اٹی فضاؤں کو امن، محبت اور عالمی بھائی چارے کی خوشبو سے بدلا جائے اور مزید خون بہنے سے روکا جائے۔ پیغمبر اسلام امن، محبت کے داعی اور پوری دنیا کیلئے سراپا رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ پیغمبر اسلام ﷺ نے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کی تعلیم دی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی حکومتیں عالم اسلام کے مذہبی جذبات و عقائد کا احترام یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثناء امریکہ، ڈیلاس میں ایک امریکی نوجوان سی جے ہومی نے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا، قبول اسلام کے بعد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوان کو مبارکباد دی اور انکی بنیادی تعلیم و تربیت کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے سکالرز کو اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ امریکی نوجوان نے قبول اسلام کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اسلامی لٹریچر کا مطالعہ کیا اسلام محبت، پیار، حقوق و فرائض، رواداری، میانہ روی اور صلہ رحمی کا دین اور ضابطہ حیات ہے، اسلام کی سچی تعلیمات پر عمل کرنے والا کبھی نفرت کا پرچار نہیں کرسکتا۔ انہوں نے اسلام کی روشنی سے بہرہ مند کرنے پر منہاج القرآن کے سکالرز کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top