6 ستمبر ’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے عنوان سے منایا جائے: خرم نواز گنڈاپور

عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا تمام صوبائی، ضلعی اور تحصیل تنظیموں کے نام خط
محب وطن افواج ہماری آزادی کا جرأت مندی سے دفاع کررہی ہیں
افسران، جوانوں سے بھرپور اظہار عقیدت اور شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے
آزادی اور غلامی کے درمیان ہماری مضبوط اور محب وطن فوج کھڑی ہے

لاہور (2 ستمبر 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عوامی تحریک کی تمام صوبائی ضلعی و تحصیل تنظیموں کو مراسلہ لکھا ہے کہ امسال 6 ستمبر یوم دفاع ’’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جائے اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے افسران، جوانوں سے بھرپور اظہار عقیدت اور شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اور غلامی کے درمیان ہماری مضبوط اور محب وطن فوج کھڑی ہے، پاکستان کے استحکام اور آزادی کے تحفظ کیلئے افواج پاکستان کا کردار بے مثال اور قابل فخر ہے، انہوں نے خط میں لکھا کہ 1948، 1965 اور 1971ء میں کنٹرول لائن پر افواج پاکستان کے جوانوں، افسروں نے بے مثال قربانیاں دینے کے ساتتھ ساتھ دہشتگردی کی جنگ جرأت مندی سے لڑی اور وطن عزیز کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کے ناپاک وجود سے پاک کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان سے پیار اور اپنی افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے مراسلہ میں لکھا کہ جن اضلاع میں شہداء کی یادگاریں ہیں وہاں 6 ستمبر کی صبح پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی کی جائے۔ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی پر مبنی بینرز آویزاں کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن بے انتہا اہمیت رکھتا ہے، اس دن ہماری بہادر اور جرأت مند مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر وطن عزیز کا پوری کامیابی سے دفاع کر کے ایک تاریخ رقم کی تھی، انہوں نے کہا کہ نا صرف ہماری مسلح افواج بلکہ پوری قوم نے متحد ہوکر یہ ثابت کر دیا کہ اتحاد اور اتفاق ایمان کی طاقت کے سامنے ہتھیاروں یا تعداد کی کثرت کوئی حقیقت نہیں رکھتی، 6 ستمبر کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پیارے وطن کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کے لیے اس جذبے اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 6 ستمبر 1965 کے دن کیا تھا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top