انڈین آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی قابل مذمت، اقوام متحدہ نوٹس لے: خرم نواز گنڈاپور

21 کروڑ پاکستانی عوام محب وطن فوج کے پیچھے کھڑے ہیں
بسمہ امجد اپنی والدہ اور پھوپھو کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنے کی منتظر ہے
چیف جسٹس سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوں کو انصاف دلا کر اپنا وعدہ پورا کریں: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

لاہور (22 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کے ردعمل میں کہا ہے کہ انڈین آرمی چیف کی دھمکی قابل مذمت اور بڑا منہ چھوٹی بات ہے۔ 21 کروڑ پاکستانی عوام محب وطن فوج کے پیچھے کھڑے ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی فوج کے وقار اور وطن کے دفاع پر کٹ مرنے کو تیار ہے۔ اقوام متحدہ آزاد ملک کو دی جانیوالی دھمکی کا نوٹس لے۔ بھارتی آرمی چیف نے بڑے عہدے پر ہوتے ہوئے چھوٹی بات کی، پاکستان کے باشعور عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔ بھارتی آرمی چیف کو سمجھنا ہو گا کہ فوجی تناؤ اور جنگیں تنازعات و مسائل کا حل نہیں، ڈائیلاگ کے ذریعے آگے بڑھنا ہو گا۔ طاقت کے نشے میں کسی نے ایڈوینچر کیا تو بہادر فوج اور پاکستانی قوم ملکی وقار کو کبھی پست نہیں ہونے دے گی۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک لاہور کے وفد نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی، وفد میں منہاج القرآن لاہور کے نائب امیر میاں حنیف قادری، صدر عوامی تحریک لاہور چوہدری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، اصغر ساجد، شفاقت مغل، ریحان چوہدری، ثناء اللہ خان، رمضان ایوبی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین شامل تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عوام کی امید ہیں، استحصالی نظام کو بدلنے کیلئے پاکستان عوامی تحریک اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹی ہے اور نہ ہی کوئی طاقت ہمیں اپنے موقف سے پیچھے ہٹا سکتی ہے، جب تک دم میں دم ہے ظلم کے نظام کو بدلنے کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے۔ 4 سال گزر گئے 14 شہدا اور 90 زخمیوں کو انصاف نہیں ملا، اگر ملک میں آئین، جمہوریت، جمہوری ادارے ہیں تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف کیوں نہیں ملا؟ پر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، انصاف کیلئے زندگی کی آخری سانس تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل سن لیں ہمیں انصاف چاہیے۔ طاقت اور دولت مظلوموں کی آواز کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتی، وہ دن جلد آنیوالا ہے جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ایک بار پھر اڈیالہ جیل میں ہونگے، اس بات سے غرض نہیں کہ اس بار پہلے جیل بڑا بھائی جاتا ہے یا چھوٹا بھائی۔

انہوں نے کہا کہ ایک تھپڑ اور پالتو جانور کے مرنے پر از خود نوٹس لینے والے منصفوں کو عدالتوں کے اندر غنڈوں، بدمعاشوں اور قاتلوں کے تھپڑوں کی گونج مظلوموں کے چہروں پر سنائی کیوں نہیں دیتی؟ مظلوموں کے ساتھ ہونیوالا ظلم دکھائی کیوں نہیں دیتا۔

خرم نواز گنڈاپور نے معزز چیف جسٹس سے اپیل کی کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوں کو انصاف دلا کر اپنا وعدہ پورا کریں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہید تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ امجد چیف جسٹس کے انصاف دلانے کے وعدے کی منتظر ہے۔ بسمہ امجد اپنی والدہ اور پھوپھو کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنے کی منتظر ہے۔ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف سے محروم رکھ کر ظلم کیا جا رہا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء چیف جسٹس کے احکامات کے منتظر ہیں کہ کب معزز چیف جسٹس قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرینگے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top