وزیر اعظم نے یقین دلایا ہے انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور ہونگی: ڈاکٹر طاہرالقادری

دوسینئر ججز اپنی فائنڈنگز میں سانحہ کو پیشگی منصوبہ بندی قرار دے چکے، ماسٹر مائنڈزطلب نہ ہونے پر تشویش ہے
حصول انصاف کیلئے 4 سال کا ہر دن سابق حکمرانوں کی وجہ سے تکلیف اور ورثاء کی تذلیل میں گزرا، کیس کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی
کیس کی پیروی سے روکنے کیلئے بد ترین کردار کشی کی گئی، الزام لگے مگر آج ہم سرخرو اور مخالف رسوا ہیں
قوم کی بیٹیوں شازیہ اور تنزیلہ کے چہر وں پر گولیاں برسا نے والے کیا کسی رعایت یا رحم کے مستحق ہیں؟
پولیس کی بربریت بتاتی ہے وہ کسی کے حکم کی تعمیل اور کسی کو راضی کر رہے تھے: قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (29 ستمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن، پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سابق حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث نہ ہوتے تو قتل عام کا یہ کیس کنارے لگ چکا ہوتا، قوم کی بیٹیوں شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کے چہرے پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کرنے والے کیا کسی رعایت یا رحم کے مستحق ہیں؟اعلیٰ عدلیہ کے دو ججز اپنی فائنڈنگز میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پیشگی منصوبہ بندی کا شاخسانہ قرار دے چکے، قتل عام کے ماسٹر مائنڈز کو طلب نہ کئے جانے پر تشویش ہے۔ پولیس از خود 100 لوگوں کو دن دیہاڑے بلا خوف و خطر گولیوں سے نہیں بھون سکتی، انکے اعتماد اور بربریت سے اندازہ لگانا مشکل نہیں وہ کسی کے حکم کی تعمیل اور کسی کو راضی کر رہے تھے۔ امید ہے سانحہ کے منصوبہ ساز شریف برادران اور حواریوں کی طلبی کیلئے سپریم کورٹ سے ضرور انصاف ملے گا۔ وہ عوامی تحریک کے وکلاء اور سینئر رہنماؤں کے ایک اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حصول انصاف کیلئے سابق حکمرانوں کی وجہ سے 4 سال کا ہر دن تکلیف اور ورثاء کی تذلیل میں گزرا، اللہ کی توفیق سے ہمت نہیں ہاری اور سابق حکمرانوں کی تمام تر کوشش کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس داخل دفتر نہیں ہو سکا۔ اس دوران سابق حکمرانوں نے بد ترین کردار کشی کی، الزام تراشی کرتے وقت بد اخلاقی کی تمام حدوں کو پار کیا۔ الحمدللہ ہم حصول انصاف کی جدوجہد کو پوری طاقت کے ساتھ جاری رکھنے میں سرخرو ہیں اور ہمارے مخالفین اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل رسوا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے مقدمے کی پیروی سے روکنے کیلئے گواہوں کو خریدنے کی بھی کوشش کی انہیں ہراساں بھی کیا، ہر طرح کے لالچ بھی دئیے گئے الحمدللہ ہمارے غریب مگر غیور کارکنوں نے ڈرنے، جھکنے اور اپنے شہید بیٹوں اور بیٹیوں کے خون کی قیمت وصول کرنے سے انکار کر دیا اور ملکی تاریخ کا یہ بھی ایک منفرد باب ہے کہ رزق حلال کمانے اور کھانے والے عزت دار کارکنان نے وقت کے فرعون اور نمرود صفت برسر اقتدار ظالم حکمرانوں کے خلاف عدالتوں میں ڈٹ کر گواہیاں دیں، ان شا اللہ تعالیٰ اس ثابت قدمی اور استقامت سے انصاف مل کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے ان کا کہنا تھا انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائیگا ہم امید رکھتے ہیں کہ ان شا اللہ انصاف ہو گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top