معاشی میدان میں اسلام زندگی کا متوازن، معتدل تصور پیش کرتا ہے: رفیق نجم

محنت سے روزی کمانا بہت بڑی نعمت ہے اور معاشی خوشحالی کا باعث بھی ہے، نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
اسلام نے انسانوں کے معاشی مسئلے کے حل کے سلسلے میں کسب حلال و محنت کا درس دیا ہے، وفد سے ملاقات
سچے تاجر کی کمائی عبادت ہے، تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر مستحکم معاشی ترقی ممکن نہیں: حاجی اسحاق

لاہور (11 اکتوبر 2018) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات اپنی جامعیت کے لحاظ سے انسانی زندگی کے تمام شعبوں پر حاوی ہیں، معاشی مسئلہ بھی انسانی زندگی کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے، اس مسئلے کا کوئی پہلو بھی ایسا نہیں ہے جس کا کامل اور قابل عمل حل اسلام نے پیش نہ کیا ہو، معاشی میدان میں اسلام زندگی کا ایک متوازن اور معتدل تصور پیش کرتا ہے، اسلام حلال کمائی کی تلاش میں صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے صرف کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ فرمان رسول ﷺ ہے ’’رزق کو زمین کی گہرائیوں میں تلاش کرو‘‘ ایک اور حدیث پاک میں ارشاد ہے ’’اللہ تعالیٰ کی عبادت کے بعد رزق حلال کمانا عبادت ہے۔ محنت سے روزی کمانا بہت بڑی نعمت ہے اور معاشی خوشحالی کا باعث بھی ہے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تاجر اتحاد کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، الطاف رندھاوا، حافظ غلام فرید، حفیظ الرحمن خان، میاں محبوب و دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ حضور ﷺ کی پاک و مقدس زندگی محنت سے عبارت ہے، ایک مرتبہ ایک صحابیؓکے ہاتھ مسلسل محنت سے سخت ہو گئے، محسن انسانیت نے ان ہاتھوں کو چوما اور فرمایا یہی محنتی ہاتھ تو ہیں جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو پسند ہیں، حضور اکرم ﷺ نے مزدور کے ساتھ زیادتی کو روکنے کے لیے فرمایا ’’ محنت کرنے والے کاپسینہ خشک ہونے سے پہلے اجرت دے دیا کرو‘‘ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسداد گداگری کے لیے زکوۃ کا ایک مستقل نظام قائم کر دیا ہے، حضور نبی اکرم ﷺ لوگوں کو گداگری سے سختی کے ساتھ روکتے تھے، اسلام نے انسانوں کے معاشی مسئلے کے حل کے سلسلے میں کسب حلال اور محنت کا درس دیا ہے، کسی کے آگے ہاتھ پھیلانا اور گداگری سے کمانا اسلام تعلیمات کے سراسر منافی ہے، اسلام نے اس عمل کو پسند نہیں کیا، دعا کی قبولیت اور عبادات کی مقبولیت کے لیے ہلال روزی شرط اول ہے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ سچے تاجر کی کمائی بھی عبادت ہے بشرطیکہ وہ حلال اور پاک کمارہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل حل کیے بغیر مستحکم معاشی ترقی ممکن نہیں، لہٰذا حکومت اسے اپنی ترجیحات میں شامل کرے، تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جن کو پرسکون اور آزادانہ کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر معاشی ترقی کرنا ممکن نہیں ہے، تاجروں کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کی اشد ضرورت ہے، مشکل حالات کے باوجود کاروبار کر کے تاجر ملک سے اپنی محبت، وابستگی کا ثبوت دے رہے ہیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top