چیف جسٹس نے زینب کے واقعہ کا نوٹس لیا تو انصاف ہوا، ایسا ہی نوٹس شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء چاہتے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

شریف برادران کیساتھ جو ہو رہا ہے وہ اس سے برے سلوک کے مستحق ہیں، منہاج القرآن کے 38ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹا
ڈی ایس پی کی سطح کے افسر فیلڈ ڈیوٹی سے ہٹائے گئے، امید ہے اس سے بڑے رینک کے افسر بھی جلد ہٹائے جائینگے
منہاج القرآن کے علمی کام اور انسانی خدمت پر بیرون ملک پی ایچ ڈیز ہورہی ہیں، تقریب سے خطاب

لاہور (17 اکتوبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے 38ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس نے زینب کے ساتھ پیش آنے والی درندگی کا نوٹس لیا تو ورثاء کو انصاف مل گیا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء بھی حصول انصاف کیلئے ایسا ہی نوٹس چاہتے ہیں، شریف برادران کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ اس سے زیادہ برے سلوک کے مستحق ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ڈی ایس پی کے سطح کے افسران کو او ایس ڈی بنانا خوش آئند ہے امید ہے اس سے بڑے رینک کے افسر بھی فیلڈ ڈیوٹیوں سے ہٹائے جائینگے، ملزمان کو او ایس ڈی بنانا ایک آغاز ہے، کامل انصاف کے بہت سے مراحل ابھی باقی ہیں، عمران خان نے ٹیلیفون کر کے انصاف دلوانے کا یقین دلایا تھا، ہمیں امید ہے کہ انصاف ہو گا، میری 38 سالہ تحریکی جدوجہد میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا دن بہت تلخ تھا، 17 جون 2014 ء کے دن اور 31,30اگست 2014 ء تک 23 کارکنوں کو شہید کیا گیا اور سینکڑوں کارکنوں کے خلاف 56 جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئیں مگر کبھی گھبرائے نہیں، ہم اللہ کے حضور سرخرو ہیں، مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لیے جو بن سکا وہ کیا، ہمارے کارکنوں نے دھرنوں اور احتجاج کا ٹھیکہ نہیں لے رکھا، ہم نے جو پہلا دھرنا دیا تھا ابھی اس کے مقاصد کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں 38ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا، اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، رفیق نجم، جی ایم ملک، سید الطاف حسین شاہ، ڈنمارک مجلس شوریٰ کے صدر شیخ اشفاق احمد، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، شعبہ خواتین، یوتھ ونگ، ایم ایس ایم، علماء کونسل اور عوامی لائرز موومنٹ کے رہنما موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی واحد تحریک ہے جس نے 38سال کی جدوجہد میں دنیا کے 90سے زائد ملکوں میں اپنا فعال تنظیمی نیٹ ورک قائم کیا، تحریک کے کام کو پوری دنیا میں پذیرائی ملی، منہاج القرآن کے دائرہ کار میں احیائے دین، تجدید دین، روحانیت اور خدمت انسانیت شامل ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، آغوش اور ملک گیر سکولوں کا نیٹ ورک اس کی قابل ذکر کامیابیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس صدی کی عالم اسلام کی بے مثال تحریک ہے، اس تحریک نے تین نسلوں کے اخلاق، اعمال اور عقائد کی حفاظت اور آبیاری کی ہے، اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں تحریک منہاج القرآن کے کام پر پی ایچ ڈیز ہورہی ہیں، میرے کام پر 14 سے زائد پی ایچ ڈیز ہو چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے بین المذاہب ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کے لیے قابل اطمینان کام کیا، اس کا اجر اللہ کے پاس ہے اور دعا گو ہیں کہ وہ ہمیں خدمت دین اور خدمت انسانیت کی توفیق دئیے رکھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top