تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے زیراہتمام 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب

تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔ پر وقار تقریب میں ایم این اے منصور خان، ایم پی اے حماد صدیقی، مسز شبانہ، ڈائریکٹر منہاج ویلیفئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، مرکزی رہنما منہاج القرآن عین الحق بغدادی، انار خان گوندل، ناظم منہاج القرآن واہ کینٹ حاجی لیاقت، صدر منہاج القرآن واہ کینٹ صغیر خان، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ خرم شیراز، اظہر چیمہ، سیف اللہ، سیف اللہ عطاری سینکڑوں باراتیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی موثر شخصیات نے شرکت کی۔

شادیوں کی اجتماعی تقریب میں 12 جوڑوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے سکالرز نے پڑھایا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی طرف سے ہر دلہن کو زیور، دولہا کو انگوٹھی، جہیز میں ضروریات زندگی کاگھریلو سامان اور سینکڑوں باراتیوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ ہر جوڑے کو ڈیڑھ لاکھ مالیت کا سامان تحفے میں دیا گیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تقریب میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی ساری کاوش خدمت انسانیت پر مبنی ہے۔ انسانیت کی خدمت اعلیٰ درجے کی عبادت ہے۔ اخلاص کے ساتھ خدمت کا جذبہ اللہ کے ہاں مقبولیت پاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کی مشکل کو حل کرنا بھی اللہ کے ہاں اعلیٰ درجے کی عبادت ہے۔ جب انسانیت کے جذبے کو عملی شکل دے دی جائے تو اسکا دنیا میں کوئی معترف ہو یا نہ ہو لیکن اللہ کے ہاں یہ عمل مقبولیت پاتا ہے، بے سہارا اور یتیم بچیوں کی مدد کرنا عبادت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہاکہ کسی کی عزت نفس کو مجروح کئے بغیر اسکی مدد کرنا احسن اقدام ہے۔ واہ کینٹ کی تنظیم نے غریب بچیوں کی رخصتی کیلئے عظیم بندوبست کیا جس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور بے سہارا بچیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا سلسلہ پورا سال جاری رہتا ہے، اب تک ہزاروں بیٹیوں کی شادیوں کی اجتماعی تقاریب ملک بھر میں ہو چکی ہیں۔ رخصت ہونیوالی بیٹیاں اپنے گھروں میں خوشحال زندگی گزار رہی ہیں۔ سید امجد علی شاہ نے خطاب میں MWF کے فلاحی منصوبہ جات کی تفصیلات بھی بتائیں۔

عین الحق بغدادی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم، تحقیق کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا بھی کر رہی ہے اسی سوچ اور فکر کو عام کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ملکی تاریخ میں غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ ایسے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے ان کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ فروری میں مرکزی سطح پر ماڈل ٹاؤن لاہور میں بھی شادیوں کی اجتماعی تقریب کا انعقاد ہو گا۔

تقریب سے ایم این اے منصور خان، ایم پی اے حماد صدیقی، مسز شبانہ، حاجی لیاقت، صغیر خان، خرم شیراز، اظہر چیمہ، سیف اللہ، انار خان، سیف اللہ عطاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مہمانوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کی انسانیت کیلئے عظیم خدمات کو سراہا اور کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ذات پورے عالم اسلام کیلئے باعث فخر ہے۔ تقریب کا اختتام خطبہ نکاح اور دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top