مسیحی رہنماؤں کے وفد کی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد

وفد نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں سے ملاقات، کرسمس کا کیک کاٹا
ڈاکٹر طاہرالقادری کا ویژن آج پوری دنیا میں امن و سلامتی کا معتبر ترین حوالہ ہے : مسیحی رہنما
ڈاکٹر طاہرالقادری امن کے یک نکاتی ایجنڈے کیلئے بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب عملی جدوجہد کر رہے ہیں جان ڈیوڈ
وفد میں جان ڈیوڈ، ٹیموتھی، جوزف پی نائٹ، مائیکل شینن، شیلوانائکی گلمور، الیاس مسیح، سیموئیل پیارا شامل تھے
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے مسیحی رہنماؤں کی مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر خیر مقدم کیا

لاہور (19 دسمبر 2018) تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے حوصلہ افزا کردار ادا کر رہی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیام امن کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں، ان خیالات کا اظہار امریکہ سے آئے ہوئے مسیحی رہنماؤں کے وفد نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ مسیحی وفد نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔ وفد میں جان ڈیوڈ، ٹیموتھی، جوزف پی نائٹ، مائیکل شینن، شیلوانائکی گلمور، الیاس مسیح، سیموئیل پیارا و دیگر شامل تھے۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے مسیحی رہنماؤں کی آمد پر انکا خیر مقدم کیا اور تحریک منہاج القرآن کے بین المذاہب رواداری، تعلیمی و خدمت انسانی کے منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں قومی و بین الاقوامی سطح پر مذاہب کے درمیان روادری کے فروغ، امن کے قیام اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے مصروف عمل ہے۔

وفد نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف شعبہ جات، فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز اور مرکزی میڈیا سیل کا دورہ کیا۔

سہیل احمد رضا سے گفتگو کرتے ہوئے مسیحی رہنما جان ڈیوڈ نے کہا کہ دنیا میں قیام امن، رواداری اور مذاہب کے درمیان ثقافتی تصادم کو روکنے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن کے یک نکاتی ایجنڈے پر بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب عملی جدوجہد کی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری پچھلی تین دہائیوں سے بین المذاہب رواداری کیلئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ویژن آج پوری دنیا میں نا صرف امن و سلامتی کا معتبر ترین حوالہ ہے بلکہ انتہا پسندی، دہشتگردی کے خاتمے کی حکمت عملی دے کر انہوں نے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

مسیحی رہنما ٹیموتھی نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سیکرٹریٹ کا وزٹ مسلم، مسیحی دوستانہ تعلقات میں خوشگوار اضافہ ہے، مسیحی قوم ڈاکٹر طاہرالقادری کا احترام کرتی ہے۔

مسیحی رہنما الیاس مسیح نے کہا کہ انتہا پسندی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، مثبت سوچ رکھنے والی شخصیات کا ساتھ دینا ہو گا۔

سیموئیل پیارا نے کہا کہ امن کے دشمنوں اور شر پسندوں کا مقابلہ کرنے کیلئے سارے مذاہب کو مل کر کام کرنا ہوگا اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

سہیل احمد رضا نے سیکرٹریٹ آمد پر مسیحی وفد کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ دیا۔

وفد نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائدین کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا، دنیا میں قیام امن اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top